مسیحی روحانی پیشواء کی امت مسلمہ کو عید الفطر کی مبارکباد

ہفتہ 23 مئی 2020 16:13

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2020ء) مسیحی روحانی پیشواء آر چ بشپ راولپنڈی /اسلام آباد ڈاکٹر جوزف ارشد نے امت مسلمہ کو عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ میں مسیحی قوم اور اپنی طرف سے اپنے تمام مُسلم بہن بھائیوں ، حکومتی عہدداران، پاک آرمی کے افسران و نوجوان، اعلیٰ عدلیہ و وکلاء برادری، سول سوسائٹی اور ہر خاص و عام کوبھی عید الفطر کی دِلی مُبارک باد پیش کرتا ہوں ۔

عید الفطر ہمارے لئے خوشیوں ، محبتوں اور خُدا کی بیش قیمت برکات کا پیغام لاتی ہے ۔ یہ عید ایک ماہ کی اُس تربیت کی تکمیل کا دِن بھی ہے جو رمضان المبارک کے دوران ہمارے مسلمان بہن بھائیوں کو حاصل ہوتی ہے۔ جس میں وہ روزہ ،دُعا اور خیراتی کاموں میں انسانی بھلائی کے کام سر انجام دیتے ہوئے خُدا تعالیٰ سے ثواب حاصل کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر جوزف ارشد نے کہاکہ رواں برس عید الفطرایسے ماحول میں منائی جا رہی ہے جب پوری دُنیا کرونا وائرس کی لپیٹ میں ہے اور ہمارا پیارا ملک پاکستان بھی اِس کی لپیٹ میں ہے اور اس کے ساتھ ساتھ عید سے قبل طیارہ سانحہ نے پوری قوم کے دل مغموم کردیئے ۔

آئیں ہم اُن تمام لوگوںکو اور خاص طورپر ڈاکٹرز ، نرسز ،پیرا میڈیکل سٹاف اور اُنکو جو کسی نہ کسی طرح سے کرونا وائرس کی وبا کا مقابلہ کرنے اور وبا کے شکار مریضوں کی دیکھ بھال پر معمور ہیں اُنہیں دِلی خراجِ تحسین پیش کریں اور طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے مسافروں کے لواحقین سے اظہار ھمدردی کریں ۔ اِن حالات میں ہم سب کو مل جل کر کرونا وائرس کا مقابلہ کرنا ہے اور بھوکے ،پیاسے ، دُکھی اور غمزدہ ، بے روزگار ، بے سہارا اور ضرورت مند لوگوں کی آگے بڑھتے ہوئے مدد اور انسانیت کی خدمت کرنی ہے۔

انہوں نے کہاکہ عید الفطر کے مُبارک موقع پر دُعا مانگیں کہ ہم سب باہم مل کر پاکستان میں اًمن و سلامتی ، بھائی چارے اور انسانی محبت کو فروغ دیں ۔ اور اِس کی خوشحالی اور ترقی کے لئے ہمیشہ کام کرتے رہیں ۔