حریت رہنماؤں کی عید الفطر کے موقع پرکشمیریوں سمیت پوری امت مسلمہ کو دلی مبارکباد

ہفتہ 23 مئی 2020 18:01

سری نگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2020ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماؤں نے عیدالفطر کے موقع پر دنیا بھر کے مسلمانوںسمیت کشمیری عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سری نگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ عیدالفطر خوشی اور مسرت کا پیغام ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالٰی ہمیں عیدالفطر کی حقیقی خوشی عطا کرے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بھارتی قبضے اور تشدد سے نجات دلائے۔

جموں و کشمیر مسلم لیگ کے قائم مقام چیئرمین فاروق احمد توحیدی نے سری نگر میں ایک بیان میں کشمیری عوام پر زوردیاکہ وہ عیدالفطر کے موقع پرشہدائے کشمیر اورغیر قانونی طور پر نظربند ہزاروں حریت رہنماؤں اور کارکنوں کے اہل خانہ کو یاد رکھیں جو مختلف جیلوں میںقیدہیں۔

(جاری ہے)

جموں وکشمیر سوشل یوتھ فورم کے چیئرمین عمر عادل ڈار نے سرینگر میں اپنے بیان میں لوگوں پر زور دیا کہ وہ عید الفطر کو سادگی کے ساتھ منائیں۔

انہوں نے مقبوضہ علاقے کے عوام سے اپیل کی کہ وہ عید مناتے ہوئے ظلم و جبرکا شکارافراد ، بیواؤں ، یتیموں اور بے سہارا لوگوں کو فراموش نہ کریں۔عوامی رفا پارٹی کے قائم مقام چیئرمین غلام احمد آزاد نے سرینگر میں ایک بیان میں عیدالفطر کے موقع پر پاکستانی عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہمیشہ ایک چٹان کی طرح کھڑا رہے گا۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عید کی خوشیاں بھارتی ریاستی دہشت گردی کے متاثرین ، بیواؤں ، یتیموں ، مسکینوں اور ناداروںکے ساتھ بانٹیں۔جموں و کشمیر اسلامی تنظیم آزادی اور جموں و کشمیر تحریک استقلال نے بھی اپنے بیانات میں مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کومبارکباد دیتے ہوئے عید الفطر سادگی اور کفایت شعاری کے ساتھ منانے اور اس موقع پرشہداء کے اہل خانہ اورغیر قانونی طور پر نظربندکشمیریوں کا خیال رکھنے کی اپیل کی ۔