عید الفطر پر ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان

کراچی، لاہور سمیت بیشتر شہروں میں عید کے ایام میں بارش کا امکان نہیں، گرمی کی شدت بھی زیادہ رہے گی، اسلام آباد ، بالائی پنجاب ،خیبر پختونخوا ،کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش ہو سکتی ہے

muhammad ali محمد علی ہفتہ 23 مئی 2020 18:42

عید الفطر پر ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مئی2020ء) عید الفطر پر ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان، کراچی، لاہور سمیت بیشتر شہروں میں عید کے ایام میں بارش کا امکان نہیں، گرمی کی شدت بھی زیادہ رہے گی، اسلام آباد ، بالائی پنجاب ،خیبر پختونخوا ،کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش ہو سکتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق عید الفطر کی آمد کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے موسم کے حوالے سے بھی پیشن گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق عید کے ایام میں ملک کے وسطی اور میدانی علاقوں میں گرمی عروج پر رہنے کا امکان ہے۔ عید کے تین ایام میں ملک کے وسطی اور میدانی علاقوں میں موسم گرم اورخشک رہے گا۔ تاہم کچھ علاقوں خاص کر شمال کے علاقوں میں بارش ہونے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

 رپورٹ کے مطابق ہفتہ کی شام سے پیر تک اسلام آباد ، بالائی پنجاب ، خیبر پختونخوا ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ان علاقوں کے علاوہ ملک کے اکثریتی علاقے عید کے دنوں میں شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں شوال کا چاند آج بروز ہفتہ کو نظر آگیا ہے۔ ملک میں کل 24 مئی بروز اتوار کو عید الفطر ہوگی۔ تاہم کرونا وائرس پھیلاو کے باعث اس مرتبہ عید الفطر زیادہ جوش و جذبے کیساتھ نہیں منائی جائے گی۔ جبکہ کرونا وائرس پھیلاو کے باعث ملک کے تمام سیاحتی مقامات بھی سیاحوں کیلئے عید کے ایام میں بند رہیں گے۔ کراچی کا ساحل سمندر، ملکہ کوہسار مری اور خیبرپختوںخواہ کے تمام سیاحتی مقامات سیاحوں کیلئے بند رہیں گے۔ ان علاقوں کا رخ کرنے والے سیاحوں کو راستے میں سے ہی واپس بھیج دیا جائے گا۔