سعودی عرب میں نئے کورونا مریضوں کی یومیہ تعدادمیں کمی آنے لگی

مملکت میں پچھلے24 گھنٹے میں 2442 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، جبکہ پچھلے2 دنوں میں کورونا کے نئےکیسز کی یومیہ تعداد2532 اور2642 رپورٹ ہوئی،جس میں200 مریضوں کی کمی واضح فرق ہے۔سعودی وزارت صحت

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 23 مئی 2020 18:42

سعودی عرب میں نئے کورونا مریضوں کی یومیہ تعدادمیں کمی آنے لگی
ریاض (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مئی 2020ء) سعودی عرب میں کورونا مریضوں کی یومیہ تعدادمیں کمی آنے لگی، مملکت میں پچھلے24 گھنٹے میں 2442 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، جبکہ پچھلے 2 دنوں میں کورونا کے نئے کیسز کی یومیہ تعداد2532 اور 2642 رپورٹ ہوئی،جس میں 200 مریضوں کی کمی واضح فرق ہے۔ سعودی وزارت صحت کے مطابق سعودی عرب میں پچھلے 24 گھنٹے میں مزید 2442 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی،جس سے کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 70 ہزار 161 ہوگئی ہے۔

نئے کیسز میں سب سے زیادہ کیسز دارالحکومت ریاض میں 794 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ کیسز مکہ مکرمہ میں رپورٹ ہوئے جو کہ 466 ہیں۔ اسی طرح 444 نئے کیسز کے ساتھ جدہ تیسرے نمبر پر بڑا شہر ہے۔ کیسز کی تعداد مکہ میں تیزی سے بڑھی، گزشتہ روز جمعہ کو مکہ مکرمہ میں کیسز کی تعداد289 تھی جبکہ آج بڑھ کر466 ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

نئے کیسز میں65 فیصد مریضوں کا تعلق غیرملکی شہریت سے ہے۔

اسی طرح کورونا وائرس کے 15 مزید مریض انتقال کرگئے، جس سے مجموعی اموات کی تعداد 379 ہوچکی ہے۔ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں2233 مریض مکمل صحت بھی ہوئے ہیں۔جس کے ساتھ صحت یاب مریضوں کی کل تعداد 41ہزار 236 ہوگئی ہے۔ یعنی 60 فیصد مریض تقریباً صحت یاب ہوچکے ہیں۔ سعودی وزیر صحت نے کہا کہ عید کے دوران بھی مکمل لاک ڈاؤن نافذ رکھا جائے گا۔ ایک جگہ پر5 سے زیادہ افراد کے اکٹھے ہونے اور اجتماعات پر پابندی عائد ہے۔

لوگوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ چھٹیوں کے دوران بھی احتیاطی تدابیر کا خاص خیال رکھیں۔ دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 53 لاکھ 6 ہزار 161 ہو چکی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 3 لاکھ 40 ہزار 40 ہو گئیں۔ دنیا بھر میں 28 لاکھ 6 ہزار 78 مریض اب بھی اسپتالوں میں زیرِعلاج ہیں، جن میں سے 44 ہزار 583 کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 21 لاکھ 60 ہزار 43 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔