ساہیوال، عالمی نعت کانفرنس و نعتیہ مشاعرہ کا آن لائن انعقاد

ہفتہ 23 مئی 2020 19:48

ساہیوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2020ء) ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام عالمی نعت کانفرنس و نعتیہ مشاعرہ کا آن لائن انعقاد ہوا جس میں ملک و بیرون ملک سے نعت کے حوالے سے بڑی شخصیات سمیت دیگر شعراء و محققین نے بھی شرکت کی۔کانفرنس کے پہلے حصے میں محققین نے نعت کے مختلف پہلوؤں اور موضوعات پہ مقالہ جات پیش کیے ۔اس سیشن کی صدارت ممتاز محقق اور شاعر پروفیسر ڈاکٹر ریاض مجید نے کی جبکہ نظامت کے فرائض عاصم اسلم نے ادا کیے۔

ڈائریکٹر آرٹس کونسل ساہیوال ڈاکٹر ریاض ہمدانی نے ابتدائیہ کلمات میں کہا کہ ساہیوال آرٹس کونسل کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ اسلامی کیلنڈر کو بھی مدنظر رکھ کر اپنے پروگرام ترتیب دیتی ہے۔ نعت کے حوالے سے اس بابرکت اور فکر انگیز محفل کے انعقاد کا بڑا مقصد رمضان کے آخری عشرے میں زیادہ سے زیادہ برکات سمیٹنا اور نعت گوئی کی روایت کو مزید مستحکم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ریاض مجید نے صدارتی خطاب میں کہا کہ قومی سطح پر کانفرنس کا انعقاد اپنی نوعیت کی منفرد اور پہلی تقریب ہے جس میں نعت پر تحقیقی و تنقیدی گفتگو ہوئی۔نعت گوئی کے اہم محققین کے علاوہ امریکہ میں مقیم معروف عالم دین علامہ مفتی محمد ساجد حسین قادری اور بھارت سے ڈاکٹر ناصر الدین انصار نے خاص طور پر مقالات پڑھے۔کانفرنس کے دوسرے حصے میں نعتیہ مشاعرہ کا اہتمام تھا۔

اس سیشن کی صدارت پروفیسر سید ریاض حسین زیدی نے کی۔شعراء کرام نے اپنے اپنے انداز میں بحضور سرکار نذرانہ عقیدت پیش کیا۔مشاعرے کی نظامت اسماعیل ریحان نے کی جبکہ منتظم خاص بلال اعظم اور منتظمہ حفصہ سرور معاونت میں شریک رہے۔آخر میں ڈاکٹر ریاض ہمدانی ڈائریکٹر آرٹس کونسل نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کانفرنس کا اختتام کیا۔