شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جاری

بلوچستان کے علاقے پسنی میں چاند نظر آ سکتا ہے، 8 بج کر 28 منٹ کے بعد چاند نظر آنے کے امکانات ختم ہو جائیں گے

muhammad ali محمد علی ہفتہ 23 مئی 2020 19:53

شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جاری
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مئی2020ء) شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جاری، 8 بج کر 28 منٹ کے بعد چاند نظر آنے کے امکانات ختم ہو جائیں گے، بلوچستان کے علاقے پسنی میں چاند نظر آ سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج 23 مئی بروز اتوار، 29 رمضان المبارک کو کراچی میں طلب کیا گیا۔

اجلاس کی صدارت مفتی منیب الرحمان کر رہے ہیں۔ جبکہ ملک بھر میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی جاری ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اجلاس کے دوران اب تک ملک کے کسی حصے سے شوال کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ ماہرین موسمیات کا بتانا ہے کہ بلوچستان کے علاقے پسنی میں چاند نظر آنے کے کچھ امکانات موجود ہیں۔

(جاری ہے)

تاہم اگر اس علاقے میں بھی چاند 8 بج کر 28 منٹ نہ دیکھا جا سکا، تو پھر اس کے بعد چاند نظر آنے کے امکانات ختم ہو جائیں گے۔

یہاں یہ واضح رہے کہ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اعلان کیا ہے کہ ان کی وزارت کی جانب سے جاری کردہ قمری کلینڈر درست ہے، اور اسی کے مطابق عید کل 24 مئی بروز اتوار کو ہوگی۔ وزارت مذہبی امور نے فواد چوہدری کا اعلان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں عید الفطر منانے کا حتمی فیصلہ رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے مطابق کیا جائے گا۔

جبکہ ماہرین فلکیات اور موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ آج کے دن پاکستان میں شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں، اس لیے قوی امکان ہے کہ ملک میں عید الفطر 30 روزے پورے ہونے کے بعد 25 مئی بروز پیر کو منائی جائے گی۔ جبکہ یہاں یہ بھی واضح رہے کہ پشاور میں مسجد قاسم علی خان کے امیر مفتی پوپلزئی کل ہی اعلان کر چکے ہیں کہ وہ 24 مئی بروز اتوار کو عید الفطر منائیں گے۔