کوئی کمیشن بناکر مال ٹھکانے لگاتا ہے تو کوئی بھٹو کی قبر دکھا کر مال سمیٹتا ہے،اسد اللہ بھٹو

ہفتہ 23 مئی 2020 22:53

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2020ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسداللہ بھٹو نے کہا کہ کوئی کمیشن بناکر مال ٹھکانے لگاتا ہے تو کوئی بھٹو کی قبر دکھا کر مال سمیٹتا ہے۔اگر ان کی تحقیقات ہوجائے تو دودھ اور پانی الگ ہوجائے۔عوام کو غلامی کی زنجیروں کو توڑ کر بے ضمیر حکمرانوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہونا چاہیے اور اسلامی نظام کے لیے جدوجہد کرنا چاہیے۔

وہ لطیف آباد کے مقامی ہال میں نعمت اللہ خان عید گفٹ ڈسٹری بیوشن تقریب سے خطاب کررہے تھے۔مستحق افراد کو عید گفٹ ،راشن دیے گئے اور ان کے لیے افطار کا اہتمام بھی کیا گیا۔اسداللہ بھٹو نے کہا کہ حقوق اللہ اور حقوق العباد دونوں کا ادا کرنا لازم ہے۔ہمیں اللہ کے سچے بندے بننا چاہیے مخلوق کو کھلانے پلانے پر اجر عظیم عطا کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی دین کی خدمت کررہی ہے۔قدرتی آفات سیلاب،زلزلہ اور کرونا وبا کے دوران خدمت کا عظیم کام سر انجام دیا ہے۔جماعت اسلامی نے پورے ملک میں بلا امتیاز خدمت خلق کا کام کیا ہے۔مساجد،گھرجا گھروں،مندروں اور عوامی مقامات کو جراثیم سے پاک کرنے کے لیے اسپرے کرایا،راشن تقسیم کیا،گوشت دیا،سبزی دی،نقدی دی اور یہ سب بلا تفریق کیا اور کررہے ہیں۔

مصیبت میں کوئی مہاجر،مہاجر کو نہیںسندھی،سندھی کو نہیں،پنجابی،پنجابی کو نہیں اور پٹھان،پٹھان کو نہیں دیا سب محمد کے غلاموں نے دیا ہے۔وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی حیدرآباد پروفیسر ڈاکٹر ناصر الدین شیخ نے کہا کہ اسلام ایک بہترین معاشرہ تشکیل دیتا ہے جس میں ہر ایک کے حقوق محفوظ ہوتے ہیں. ہمیں ایسے معاشرے کی تشکیل کے لیے جدوجہد کرنا چاہیے۔

کم از کم اپنی ضرورت سے زائد اشیاء کو دوسرے بھائیوں کے لیے خرچ کرنا چاہیے۔الخدمت فاؤنڈیشن ایک بہترین کام کررہی ہے جسے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا جارہا ہے۔ممتاز ماہر تعلیم نواب زین العابدین لغاری نے کہا کہ اگر مسلمان ایمان پر پورا اترنے کی شرائط پوری کرتے ہیں تو اللہ تعالیٰ ان کے لیے آسمانوں سے بھی مدد اتاردیتا ہے۔امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد حافظ طاہر مجید،الخدمت فاؤنڈیشن ضلع حیدرآباد کے صدر ڈاکٹر سیف الرحمان،عبدالغنی میمن،سلیم خان،نعیم عباسی ودیگر بھی شریک تھے۔عالم دین عبدالغنی میمن کی دعا پر اختتام ہوا۔اور کراچی میں پی آئی اے طیارے کو ہونے والے حادثے میں شہید،زخمی اور متاثر ہونے والوں کے لیے بھی خصوصی دعا بھی کرائی۔