احسن اقبال صاحب !! ابھی غم بانٹنے کا وقت ہے اللہ آپ کو عقل دے’’شہباز گل

سیکڑوں گھرعید پر غم میں ڈوب گئے، آپ کو سیاست کی پڑی ہے’ آپ کی سب باتوں کاجواب ہمارے ہاس ہے لیکن یہ موقع نہیں جواب دینے کا، احسن اقبال کے ٹوئٹ پر ردعمل

ہفتہ 23 مئی 2020 23:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2020ء) پی ٹی آئی کے رہنما ڈاکٹر شہباز گل نے مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما احسن اقبال کو کہا ہے کہ ‘‘احسن اقبال صاحب !! سیکڑوں گھرعید پر غم میں ڈوب گئے، آپ کو سیاست کی پڑی ہے’’یہ بات انہوں نے احسن اقبال کے ٹوئٹ کے جواب میں اپنے ردعمل میں کہی، شہباز گل نے لیگی رہنما کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یار کیسے بے حس لوگ ہیں آپ ملک میں اتنا بڑا سانحہ ہوگیا، سیکڑوں گھر عید پر غم میں ڈوب گئے ہیں لیکن آپ کو چرب زبانی سے فرصت نہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرشہبازگل نے کہا کہ آپ کی سب باتوں کاجواب ہمارے ہاس ہے لیکن یہ موقع نہیں جواب دینے کا، کہیں نہیں جاتی آپ کی سیاست، پھر کرلیجیے گا،ابھی دلاسہ دینے کاوقت ہے، غم بانٹنے کا لمحہ ہے اللہ آپ کو عقل دے۔واضح رہے کہ ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ جب سے تبدیلی سرکارآئی ہے ایک بھی خیر کی خبر نہیں، معیشت، کرنسی، صنعت، زراعت، برآمدجات ، ریلوے، طیارے کریش، کشمیر، سی پیک، امن عامہ، گورننس، سمندر کی گیس بھی کریش، جس حکومت کی بنیاد جھوٹ، بہتان، نفرت، تکبر پر ہوگی وہ کریش ہی ہوگی۔