یہ دن بھائی چارے، ایثار، خدمت خلق اور اتحاد کی تجدید ہے، رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور

عید کی حقیقی خوشی صرف غریبوں، نادار و مساکین کو اپنی خوشیوں میں شامل کرکے ہی حاصل کی جاسکتی ہے،مرکزی صدر پیپلز پارٹی شعبہ خواتین

ہفتہ 23 مئی 2020 23:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2020ء) پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر و رکنِ سندھ اسمبلی فریال تالپور نے قوم کو عیدالفطر کی مبارک دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن بھائی چارے، ایثار، خدمت خلق اور اتحاد کی تجدید ہے۔ عیدالفطر کی مناسبت سے جاری کردہ اپنے بیان میں فریال تالپور نے کہا کہ عید کی حقیقی خوشی صرف غریبوں، نادار و مساکین کو اپنی خوشیوں میں شامل کرکے ہی حاصل کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم ایسے حالات میں یہ مقدس دن منا رہے ہیں، جب پاکستان سمیت پوری دنیا کو کرونا وائرس کی وبا کا چیلنج درپیش ہے اور اِس مشترکہ چئلینج کا سامنا کرنے کے لیئے ہمیں مزید متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات کا تقاضا ہے، ہر پاکستانی کو ایک ذمیدار شہری کا کردار نبھانا ہوگا اور حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد کرتے ہوئے اپنی عبادات سمیت اپنی سرگرمیوں کو اپنے گھروں تک محدود کرنا چاہیئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اس مہلک وبا کے خلاف فرنٹ لائین سپاہیوں یعنی ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکس کو سلام پیش کرنا چاہیئے، جو اپنی جانوں پر کھیل کر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ پولیس و رینجرز کے جوانوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں، جو کروناوائرس کی روکتھام کے لیئے اٹھائے گئے اقدامات پر عملدرآمد کے لیئے پیش پیش ہیں۔ فریال تالپور نے کہا کہ دکھ ہوں یا سکھ، ہمیں اپنے کشمیری بھائی اور بہنیں ہمیشہ یاد رہتی ہیں، جو ایک طرف بھارتی مظالم کا شکار ہیں تو دوسری جانب مہلک عالمی وبا کا سنگین خطرہ بھی درپیش ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب دہائیوں پر محیط جدوجہد بارآور ہوگی اور کشمیری بھی آزاد قوم کی طرح عید منائیں گے۔