ایم پی اے رعنا انصار کے شوہر سینئر صحافی انصاری نقوی کی فضائی حادثے میں جاں بحق ہونے کی تصدیق،تدفین حیدرآباد میں ہوگی

ہفتہ 23 مئی 2020 23:43

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2020ء) حیدرآباد پریس کلب کے سابق جنرل سیکریٹری اور ایم کیو ایم کی ایم پی اے رعنا انصار کے شوہر سینئر صحافی انصاری نقوی کے کراچی کے فضائی حادثے میں جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے، ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد ان کی میت کی حیدرآباد میں تدفین ہو گی۔حیدرآباد پریس کلب کے سابق جنرل سیکریٹری اور نجی ٹی وی چینل کے ڈائریکٹر پروگرامز انصار نقوی بھی لاہور سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی اس پرواز میں سوار تھے جو کہ جمعہ کو دوپہر میں اندوہناک حادثیکا شکار ہو گئی تھی، ابتدائی اطلاعات تھیں کہ انصار نقوی زخمیوں میں شامل ہیں تاہم ہفتے کے روز ان کے بیٹے شاہزیب نقوی نے اپنے والد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی، سینئر صحافی انصار نقوی نے دو عشروں سے زائد حیدرآباد میں انگریزی اردو اخبارات اور ٹی وی چینلز کے لئے خدمات انجام دیں، بعد میں وہ ملک سے باہر اور پاکستان کے مختلف شہروں میں خدمات انجام دیتے رہے، ان دنوں وہ ٹی وی چینل 24 کے ڈائریکٹر پروگرامز کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے اور جمعہ کو عید پر لاہور سے کراچی آنیکے لیے بدقسمت پرواز میں سوار تھے جو لینڈنگ سے قبل تباہ ہو گئی، اس پرواز میں سوار مسافر اور عملے کے تمام افراد جاں بحق ہو گئے صرف دو افراد معجزانہ طور پر بچ سکے ہیں جن میں بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود اور سیالکوٹ کے نوجوان انجینئر زبیر شامل ہیں۔

(جاری ہے)

کئی مسافروں کی لاشیں ناقابل شناخت ہیں جن کا ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جا رہا ہے اور شناخت کے بعد انہیں ورثا کے حوالے کیا جائے گا۔ انصار نقوی کے خاندان کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ انصار نقوی کی میت کی تدفین حیدرآباد میں ہی ہو گی۔