وزیراعظم رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے کے مطابق عید کریں گے

فواد چوہدری دوست اور بادشاہ بندے ہیں کچھ بھی کہہ دیتے ہیں، ملک میں عید کا فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے مطابق ہی ہوگا: وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری

muhammad ali محمد علی ہفتہ 23 مئی 2020 20:54

وزیراعظم رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے کے مطابق عید کریں گے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مئی2020ء) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے کے مطابق عید کریں گے، فواد چوہدری دوست اور بادشاہ بندے ہیں کچھ بھی کہہ دیتے ہیں، ملک میں عید کا فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے مطابق ہی ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر نور الحق قادری نے عید الفطر کے چاند کے تنازعے کے حوالے سے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان روزے اور عید رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے مطابق ہی کریں گے۔

وفاقی وزیر برائے وزارت مذہبی امور نے فواد چوہدری کا اعلان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں عید الفطر منانے کا حتمی فیصلہ رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے مطابق کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

فواد چوہدری دوست ہیں اور بادشاہ بندے ہیں، وہ کبھی بھی کچھ بھی کہہ دیتے ہیں، تاہم چاند دیکھنا ایک شرعی معاملہ ہے، اس لیے حتمی فیصلہ کرنے کا اختیار مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو ہی حاصل ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اعلان کیا ہے کہ ان کی وزارت کی جانب سے جاری کردہ قمری کلینڈر درست ہے، اور اسی کے مطابق عید کل 24 مئی بروز اتوار کو ہوگی۔ انہوں نے اعلان کیا ہے کہ اس مرتبہ پاکستان دنیا کے دیگر تمام اسلامی ممالک کیساتھ ہی کل اتوار کے روز عید منائے گا۔ دوسری جانب شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج 23 مئی بروز اتوار، 29 رمضان المبارک کو کراچی میں طلب کیا گیا تھا جو اب تک جاری ہے۔

اجلاس کی صدارت مفتی منیب الرحمان کر رہے ہیں۔ جبکہ ملک بھر میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی جاری ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اجلاس کے دوران اب تک ملک کے کسی حصے سے شوال کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ اس حوالے سے حتمی اعلان مفتی منیب الرحمان ہی کریں گے۔