aمرکزی رویت ہلال کمیٹی کو چاند کی 21 شہادتیں موصول

شوال کے چاند کے شہادتیں بلوچستان سے موصول ہوئیں، کمیٹی نے تکنیکی بنیادوں پر 20 شہادتیں مسترد کر دیں

ہفتہ 23 مئی 2020 22:55

Iکراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2020ء) مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو چاند کی 21 شہادتیں موصول، شوال کے چاند کے شہادتیں بلوچستان سے موصول ہوئیں، کمیٹی نے تکنیکی بنیادوں پر 20 شہادتیں مسترد کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق ذرائع کا بتانا ہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو بلوچستان سے شوال کے چاند کی آج 21 شہادتیں موصول ہو چکی ہیں۔ ان 21 میں سے 20 شہادتوں کو تکنیکی بنیادوں پر مسترد کر دیا گیا ہے۔

جبکہ ایک شہادت جو زونل رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے بھیجی گئی، اس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ عید ہونے یا نہ ہونے کے حوالے سے حتمی اعلان مفتی منیب الرحمان کی جانب سے کیا جائے گا۔ دوسری جانب پسنی سے سینیٹر کہدہ بابر بلوچ نے کہا ہے کہ متعدد افراد کو چاند کی شہادتیں موصول ہوئیں، پسنی کی مسجد کے امام نے بھی چاند دیکھا ، گوادر، چمن، لورالائی، اور تھر سے چاند کی شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں 7 بج کر 45 منٹ پر چاند دیکھا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر سے پوچھ لیں، ان کو بھی چاند کی شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔ پسنی کی مسجد کے امام نے بھی چاند دیکھا ہے، اور آج عید کا اعلان بھی کیا ہے۔ اسی طرح گوادر، چمن، لورالائی، اور تھر سے چاند کی شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔ چمن سے چاند دیکھنے کی 3 شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔ بونیر میں بھی تین افراد نے شہادتیں دیں۔ پسنی سے لے جیونی تک 50 افراد نے چاند دیکھنے کی گواہی دی۔ انہوں نے کہا کہ ہم مفتی منیب اور زونل کمیٹیوں کو شہادتیں دینا چاہتے ہیں۔ لیکن ہمارا رابطہ ہی نہیں ہو رہا ہے۔ ۔