وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بھارتی مظالم کا شکار کشمیریوں کو خصوصی عید مبارک

مقبوضہ کشمیر میں جاری غیر انسانی لاک ڈاؤن اور بھارتی قابض فورسز کی جانب سے مسلسل جبر کا شکار کشمیری عوام کے صبر اور حوصلے کو داد دیتا ہوں۔ وزیر اعظم کا ٹوئیٹ

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر اتوار 24 مئی 2020 06:07

وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بھارتی مظالم کا شکار کشمیریوں کو خصوصی ..
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 مئی 2020ء) وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بھارتی مظالم کا شکار کشمیریوں کو خصوصی طور پر عید مبارک۔ مقبوضہ کشمیر میں جاری غیر انسانی لاک ڈاؤن اور بھارتی قابض فورسز کی جانب سے مسلسل جبر کا شکار کشمیری عوام کے صبر اور حوصلے کو داد دیتا ہوں۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بھارتی مظالم کے شکار کشمیری عوام کو عید الفطر کے موقع پر خصوصی طور پر مبارک باد دی گئی ہے۔

ٹوئیٹر پر جاری اپنے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ کشمیریوں کے صبر اور حوصلے کو داد دیتے ہیں جو مسلسل غیر انسانی لاک ڈاؤن اور بھارتی قابض فورسز کے مظالم کا سامنا کر رہے ہیں۔ 
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے اہل وطن اور مسلمانان عالم کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سال عید الفطر کے موقع پر عالم انسانیت گہری آزمائش سے گزر رہی ہے، کورونا وائرس سے ساری دنیا پریشان ہے اور احتیاطی تدابیر ہی اس کی روک تھام کا واحد طریقہ ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہا کہ عید کی خوشیوں میں ضرورت مند اور پسماندہ طبقات کو ہرگز نظر انداز نہ کریں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار عیدالفطر 1441 ہجری کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اللہ تبارک و تعالی کا شکر ہے کہ ہم سب کو رمضان المبارک کی بابرکت گھڑیاں نصیب ہوئیں۔ اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ وہ ہمارے روزوں، عبادتوں اور کار ہائے خیر کو اپنی بارگاہ مبارک میں قبول فرمائے۔

انہوں نے کہا کہ عیدالفطر کی آمد کے موقع پر میں اہل وطن اور مسلمانان عالم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں روزے کے ذریعے ہم نے اپنی زندگی میں جو تقویٰ، نظم و ضبط اور خیر خواہی کا جذبہ پیدا کیا تھا، اب ہماری یہ کوشش ہونی چاہئیے کہ اس کو اپنی زندگی کا مستقل حصہ بنائیں، اس سال عیدالفطر کے موقع پر عالم انسانیت گہری آزمائش سے گزر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے ساری دنیا پریشان ہے اور تمام ممالک ہنگامی بنیادوں پر اس وباء کی روک تھام کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس وائرس سے بچاؤ کے لیے طبی ماہرین کی ہدایات کے مطابق احتیاط برتنا ہی فی الوقت اس کی روک تھام کا واحد طریقہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں پرہیز گاری کا جو وصف ہم نے سیکھا ہے اسے اختیار کرتے ہوئے ہمیں اس موذی وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی کوشش کرنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سماجی فاصلے، حفظان صحت کے اصولوں کو اختیار کرتے ہوئے ضرورت مند، نادار، مستحقین اور دیہاڑی دار طبقے کا خصوصی خیال بھی رکھنا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ عیدالفطر کی خوشیوں میں ضرورت مند اور پسماندہ طبقات کو ہرگز نظر انداز نہ ہونے دیں اور حتی الوسع ان کے ساتھ تعاون، ہمدردی اور خیر خواہی کا معاملہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ان خوشی کے لمحات میں ایک طرف خوشیاں تقسیم کر کے ہم اپنی عید کو بامقصد اور باعث اطمینان بنا سکتے ہیں تو دوسری طرف احتیاطی و حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ حکومت کی طرف سے وضع کردہ قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کرکے اپنی، اپنے پیاروں اور اپنے ہم وطنوں کی قیمتی جانیں بچا سکتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ رمضان المبارک میں عبادت کے دوران کی گئی دعاؤں کی فضیلت سے اللہ تعالی ہمیں اس آزمائش میں کامیابی عطا فرمائے اور ہم سب کو اپنے حفظ و امان میں رکھے۔