معمر قذافی اور عمانی وزیر خارجہ کے درمیان گفتگو کی آڈیو ریکارڈنگ لیک ہو گئی

لیک ہونے والی آڈیو کال ریکارڈنگ میں عمانی وزیر خارجہ نے معمر قذافی کی اس بات پر اتفاق کیا کہ سعودی عرب کو چھوٹی چھوٹی ریاستوں میں تقسیم کر دیا جائے۔ عرب میڈیا

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر اتوار 24 مئی 2020 06:52

معمر قذافی اور عمانی وزیر خارجہ کے درمیان گفتگو کی آڈیو ریکارڈنگ لیک ..
الریاض (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 مئی 2020ء) معمر قذافی اور عمانی وزیر خارجہ کے درمیان گفتگو کی آڈیو ریکارڈنگ لیک ہو گئی۔ لیک ہونے والی آڈیو کال میں عمانی وزیر خارجہ نے معمر قذافی کی اس بات پر اتفاق کیا کہ سعودی عرب کو چھوٹی چھوٹی ریاستوں میں تقسیم کر دیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق عمان کے وزیر خارجہ یوسف بن علاوی اور لیبیا کے سابق ڈکٹیٹر حکمران معمر قدافی کے درمیان ہونے والی گفتگو کی ریکارڈنگ منظر عام پر آئی ہے۔

العربیہ انگلش کے مطابق لیک ہونے والی آڈیو ریکارڈنگ میں معمر قذافی اور عمانی وزیر خارجہ کے درمیان سعودی عرب کو تقسیم کرنے کی بات ہو رہی تھی۔ العربیہ انگلش کی رپورٹ کے مطابق معمر قذافی کو یوسف بن علاوی سے بات کرتے سنا جا سکتا ہے کہ سعودی عرب کے حکمراں خاندان کا اقتدار ختم ہونے والا ہے، کیونکہ امریکہ ان کے خلاف ہو چکا ہے جس پر یوسف بن علاوی نے اتفاق کرتے ہوئے کہا ہے "ان کا اقتدار ختم ہو چکا ہے"۔

(جاری ہے)

العربیہ کے مطابق اس کے بعد معمر قذافی کی جانب سے سعودی عرب کو چھوٹی چھوٹی ریاستوں میں تقسیم کرنے کی منصوبہ بندی بتائی گئی جس پر یوسف بن علاوی نے کہا کہ تم جو کہہ رہے ہو ٹھیک کہہ رہے ہو، بالکل ایسے ہی ہونا چاہیے۔ 
 
العربیہ انگلش نیوز کے مطابق آڈیو کال مبینہ طور پر عمانی حزب اختلاف کی جانب سے جمعہ کے روز لیک کی گئی، ادارہ منظر عام پر آنے والی ریکارڈنگ کی صداقت سے متعلق وثوق سے کچھ نہیں کہہ سکتا۔

العربیہ انگلش کے مطابق آڈیو کال کو لیک کرنے کا مقصد سعودی عرب اور عمان کےدرمیان تعلقات کو پھر سے خراب کرنا بھی ہو سکتا ہے جو کہ نئے سلطان ہیشم بن طارق السعید کے اقتدار میں آنے کے بعد سے مسلسل بہتری کی جانب بڑھ رہے تھے۔ العربیہ کے مطابق یہ امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ زیر بحث ریکارڈنگ کوئی کال ریکارڈنگ نہیں بلکہ دونوں کے درمیان ایک دوسرے کے پاس بیٹھے ہوئے ہونے والی گفتگو بھی ہو سکتی ہے جو کہ ریکارڈ کر لی گئی۔