پاکستان رینجرزنے طیارہ حادثے کے بعد تباہ شدہ جہاز کے ملبے سے ملنے والا تمام سامان پی آئی اے حکام کے حوالے کر دیا

اتوار 24 مئی 2020 17:55

پاکستان رینجرزنے طیارہ حادثے کے بعد تباہ شدہ جہاز کے ملبے سے ملنے والا ..
کراچی۔24 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2020ء) پاکستان رینجرزکی جانب سے کراچی کے علاقے ماڈل کالونی میں طیارہ حادثے کے بعد تباہ شدہ جہاز کے ملبے سے ملنے والا تمام سامان پی آئی اے حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ سندھ رینجرز سے اتوار کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق جائے حادثے سے ملنے والے تمام سامان کو رینجرز ہیڈ کوارٹر زجامعہ ملیہ کالج کراچی میں پی آئی اے حکام کے حوالے کیا گیا۔

(جاری ہے)

جائے حادثے سے بر آمد شدہ سامان میں موبائل فونز، لیپ ٹاپ، آئی فون، الیکٹرانک آئٹمز، گولڈ اور آرٹیفیشل جیولری،، مختلف اقسام کی گھریلواشیاء، ہینڈ بیگز،سفری بیگز، لیڈیز اور جینٹس پرس، پاسپورٹس اور قیمتی اشیاء شامل ہیں۔ بر آمد شدہ سامان میں 3کروڑ24 ہزار300 جلی ہوئی پاکستانی کرنسی جبکہ نقدی رقم (16 لاکھ 67 ہزار692 روپے پاکستانی کرنسی،70 پائونڈز اور 625 ڈالرز غیر ملکی کرنسی ) شامل ہے۔ پی آئی اے حکام نے ریسکیو آپریشن میں رینجرز کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا۔ سندھ رینجرز نے پی آئی اے حکام کو حوالے کئے گئے برآمد شدہ سامان کی تفصیلات بھی جاری کردی ہیں۔