صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ترک صدر رجب طیب اردوان کا ٹیلی فون، نیک خواہشات اور پی آئی اے کے طیارہ کے المناک حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں کے سوگوار خاندانوں کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار

اتوار 24 مئی 2020 19:05

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ترک صدر رجب طیب اردوان کا ٹیلی فون، نیک ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2020ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے ٹیلی فون کیا اور صدر اور پاکستان کی حکومت اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پی آئی اے کے طیارہ کے المناک حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں کے سوگوار خاندانوں کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ صدر مملکت سے گفتگو کرتے ہوئے ترکی کے صدر نے کہا کہ ترکی مشکل کی گھڑی میں پاکستان کے ساتھ ہے۔

صدر عارف علوی نے بھی ترک ہم منصب اور ترک عوام کو عید کی مبارکباد دی۔ انہوںنے امید ظاہر کی کہ کورونا وائرس کی عالمی وباء کے چیلنج پر جلد قابو پا لیا جائے گا۔ صدر مملکت نے پاکستان کے شہریوں کی دیکھ بھال اور کوویڈ 19 سے نمٹنے کیلئے ترکی کی طرف سے حفاظتی کٹس اور سامان کی فراہمی پر ترک صدر سے اظہار تشکر کیا۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کراچی میں بدقسمت طیارہ کے حادثہ پر ترک صدر کے اظہار یکجہتی کے پیغام کو بھی سراہا۔

انہوں نے کہا کہ ترکی کی طرف سے یہ پیغام دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور دیرپا تعلقات کا مظہر اور متاثرہ خاندانوں کیلئے حوصلے اور ہمت کا باعث ہے۔ صدر مملکت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان دونوں ممالک کے مابین دیرپا اور بے مثال برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا۔