موٹروے پولیس اہلکاروں کے ایام عید ایم نائن اور ہائی وے پر گزرے

پیر 25 مئی 2020 20:35

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2020ء) موٹروے پولیس اہلکاروں کے ایام عید ایم نائن اور ہائی وے پر گزرے ہیں۔ ترجمان موٹروے پولیس سید تراب علی کے مطابق اس عید پر بھی ہمارے افسران اور جوانوں نے اپنے خدمت سے سرشار جذبے کے ساتھ پورے ساوتھ زون میں لیاری ایکسپریس وے سے لیکر کوٹ سبزل اور جامشورو سے لاڑکانہ تک ایم نائن اور ہائی ویز پر سفر کرنے والے تمام مسافروں کی خدمت انجام دی۔

سکھر سیکٹر میں ڈی ایس پی گمبٹ شوکت بھٹی نے ٹول پلازہ رانی پور کے مقام پر مسافروں میں پھول، ہینڈ گلوبز، ماسک تقسیم کئے۔کرم آباد میں ایڈمن آفیسر انورسعید، پنوعاقل میں آپریشن آفیسر شاھد بلوچ،ڈہرکی میں ایڈمن آفیسر علی اکبر نے روڈ پر مسافروں میں تحائف تقسیم کیے، جبکہ ڈی ایس پی کنڈیارو سیدراشدعلی شاھ اور ایڈمن آفیسر نوری آباد ملک منصور احمد نے اپنے علاقے کے مستحقین میں عید کے کپڑے، راشن اور دیگر اشیائ تقسیم کیے، کنڈیارو سے تعلق رکھنے والے شہید سب انسپکٹر عاشق علی کے گھر گئے اور شہید کے خانوادے کو عیدی اور تحائف دیے ان کے ہمراہ ایس پی سجاد بھٹی تھے۔

(جاری ہے)

بعد میں انہوں نے گمبٹ ، خیرپور، پنوعاقل اور ڈہرکی کا دورہ کیا، دوسری جانب سیکٹر N.55 انڈس ہائی وے پر ایس پی اشتیاق حسین آرائیں کی نگرانی میں ڈی ایس پی لاڑکانہ اسداللہ ابڑو ،میہڑ میں ایڈمن آفیسر عبدالصمد ابڑو، دادو میں ڈی ایس پی چودھری اشفاق، سیہون میں ایڈمن آفیسر سیّد محمّدعلی شیرازی، سن میں ایڈمن آفیسر عمر بھٹو،پیٹارو میں ڈی ایس پی فراز ہاشم بھٹی نے مسافروں میں تحائف تقسیم کئے اور بریفنگ دی، جامشورو سیکٹر میں ایکٹنگ ایس پی زبیر انور سومرو مرحوم انسپکٹر سہیل لودھی کے گھر گئے جہاں انہوں نے ان کی والد سے ملاقات کی اور بچوں کو عید کے تحائف دیئے۔

ڈی ایس پی کراچی حنیف عارف ڈیوٹی کے دوران زخمی ہونے والے سینیئر انسپکٹر خالدحمید سے ملنے آغاخان ہسپتال گئے۔ لیاری ایکسپریس وے کے ڈی ایس پی ڈاکٹر اسرار علی تنیو، نوری آباد کے ڈی ایس پی محمد نعیم غوری، ایڈمن آفیسر جامشورو ذوالفقار مغل، ڈی ایس پی مٹیاری صدرالدین تالپور روڑ پر مسافروں سے عید ملے اور تحائف تقسیم کیے۔ایم نائن ٹول پلازہ کراچی پر ڈی آئی جی کے اسٹاف آفیسر رضوان اشرف اور لاجسٹک انچارج اکمل سومرو نے اپنی زونل ٹیم کے ہمراہ مسافروں میں تحائف تقسیم کئے۔

سکرنڈ سیکٹر میں ایڈمن آفیسر سکرنڈ علی اصغر ،مورو میں ایڈمن آفیسر محبوب الٰہی ،کنڈیارو میں آپریشن آفیسر منصور بگھیو نے مسافروں میں تحائف تقسیم کئے، اپنے پیغام میں ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ ریجن ڈاکٹر آفتاب احمد پٹھان نے کہا ہے کہ عید کی حقیقی خوشی دوسروں کی خدمت سے حاصل ہوتی ہے۔ ڈی آئی جی ساؤتھ زون ملک مطلوب احمد نے عید کے روز پورے ساوتھ زون کا تفصیلی دورہ کیا جہاں وہ اپنے افسران اور جوانوں سے عید ملے اور ان کی حوصلہ افزائی فرمائی۔