افغان صدر کا 2 ہزار طالبان کی رہائی کا اعلان‘100قیدی رہا

طالبان کی جنگ بندی کے ردعمل میں ان کے 2 ہزار قیدیوں کی رہائی کا عمل شروع کردیا گیا طالبان کی طرف سے جنگ بندی کا خیر مقدم ‘مزید مذاکرات کے لئے تیار ہیں‘اشرف غنی

منگل 26 مئی 2020 10:50

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2020ء) افغانستان نے عید الفطر کے موقع پر ہونے والی جنگ بندی کے دوران 2 ہزار طالبان جنگجوؤں کی رہائی کا اعلان کیا تھاجس کے بعد پہلے مرحلے میں 100قیدیوں کو رہا کر دیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صدر اشرف غنی نے جذبہ خیر سگالی کے تحت طالبان قیدیوں کی رہائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کابل حکومت طالبان کے ساتھ مزید مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

افغان صدر کے ترجمان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ طالبان کی جنگ بندی کے ردعمل میں ان کے 2 ہزار قیدیوں کی رہائی کا عمل شروع کردیا گیا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز طالبان نے عیدالفطر پر افغان حکومت سے 3 روزہ جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔ صدر اشرف غنی نے اس جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا تھا کہ افغان فورسز جنگ بندی کی شرائط کا احترام کریں گی۔

(جاری ہے)

افغان حکومت نے افغان طالبان کے 100 قیدی رہا کردیئے، افغان صدراشرف غنی نے گزشتہ روز 2 ہزار طالبان قیدیوں کی رہائی کا اعلان کیا تھا۔

صدر اشرف غنی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک پیغام میں کہا کہ گزشتہ رات امریکا کے سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو نے مجھے اور قومی مفاہمت کونسل کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ کو فون کیا اور 2 ہزار طالبان قیدیوں کو رہا کرنے کے فیصلے پر شکریہ ادا کیا۔افغان صدر نے یہ بھی لکھا کہ مائیک پومپیو نے اس بات پر بھی زور دیا کہ امریکا طویل مدتی جنگ بندی اور براہ راست مذاکرات کا آغاز کرے گا۔