سعودی عرب، کرفیو میں نرمی اور مساجد کھولنے کا اعلان، داخلی پروازوں کی اجازت

منگل 26 مئی 2020 10:50

سعودی عرب، کرفیو میں نرمی اور مساجد کھولنے کا اعلان، داخلی پروازوں ..
ریاض۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2020ء) سعودی وزارت داخلہ نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے صحت حکام کی سفارشات پر کرفیو اور حفاظتی اقدامات میں نرمی کا اعلان کیا ہے۔سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق جمعرات 28 مئی سے ہفتہ 30 مئی تک سعودی عرب کے تمام علاقوں میں صبح چھ بجے سے لے کر سہ پہر تین بجے تک گھروں سے نکلنے کی اجازت ہوگی۔اتوار 31 مئی سے ہفتہ 20 جون کی شام تک صبح چھ بجے سے رات آٹھ بجے تک کرفیو میں نرمی رہے گی جبکہ مکہ مکرمہ اس سہولت سے مستثنی ہوگا۔

(جاری ہے)

کرفیو سے خارج اوقات میں نجی گاڑی سے مملکت کے تمام شہروں اور صوبوں میں آنے جانے کی اجازت ہوگی۔اتوار 31 مئی سے سعودی عرب کی تمام مساجد جمعہ اور فرض نمازیں جماعت کے ساتھ ادا کرنے سے کھول دی جائیں گی تاہم مکہ مکرمہ کی مساجد اس سے مسثنی ہوں گی،مساجد میں حفاظتی تدابیر کی پابندی لازمی ہوگی، مسجد الحرام میں جمعہ اور باجماعت نمازیں احتیاطی تدابیر کے ساتھ جاری رہیں گی۔سعودی عرب کے تمام علاقو ں کے درمیان ٹرانسپورٹ کے مختلف وسائل کے ذریعے سفر پر پابندی ختم کردی گئی ہے البتہ متعلقہ ادارے ضروری احتیاطی تدابیر اور اقدامات کے پابند ہوں گی۔