تبریز شمسی کو کراچی میں جہاز حادثے پر اپنا خوفناک سفر یاد آگیا

بھارت سے ہوم ون ڈے سیریز کے دوران کیپ ٹاؤن سے جوہانسبرگ جاتے ہوئے ہمارا جہاز فنی خرابی کی وجہ سے نیچے گرنا شروع ہوگیا ، پائلٹ نے بروقت مسئلے پر قابو پاکر جہاز کنٹرول کیا: پروٹیز سپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 26 مئی 2020 10:54

تبریز شمسی کو کراچی میں جہاز حادثے پر اپنا خوفناک سفر یاد آگیا
جوہانسبرگ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26مئی 2020ء ) جنوبی افریقی سپنر تبریز شمسی کو کراچی میں جہاز حادثے پر اپنا ایک خوفناک فضائی سفر یاد آگیا۔ انھوں نے کہاکہ بھارت سے ہوم ون ڈے سیریز کے دوران کیپ ٹاؤن سے جوہانسبرگ جاتے ہوئے ہمارا جہازکسی فنی خرابی کی وجہ سے اچانک نیچے گرنا شروع ہوگیا تاہم پائلٹ نے بروقت مسئلے پر قابو پاکر جہاز کو کنٹرول کرلیا تھا، اگرچہ میں ہم بخیریت اپنی منزل پر پہنچ گئے مگر جب بھی مجھے وہ فضائی سفر یاد آتا ہے میرے رونگھٹے کھڑے ہوجاتے ہیں۔

خیال رہے کہ عید سے محض 2 روز قبل 22 مئی کو پی آئی اے کی پرواز 8303 کراچی کے علاقے ماڈل کالونی کی سوسائٹی جناح گارڈن کی ایک گلی میں گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق ہوئے جب کہ جہاز کے گرنے اور اس کے بعد لگنے والی آگ سے متعدد مکانات کو نقصان پہنچا تھا۔

(جاری ہے)

خوفناک حادثے کے نتیجے میں جہاز میں سوار 89 مسافر اور عملے کے 8 اراکین سمیت 97 افراد لقمہ اجل بنے تھے البتہ 2 مسافر خوشقسمتی سے محفوط رہے۔

اس سلسلے میں وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے طیارے کے حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام مسافروں کے اہلِ خانہ کو فی مسافر 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا تھا۔