متحدہ عرب امارات میں یکم جون سے اقامہ ہولڈرز کو واپسی کی اجازت

منگل 26 مئی 2020 11:00

دبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2020ء) متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ اور فیڈرل اتھارٹی فار ائڈنٹیٹی فار سٹیزن شپ نے بیرون ملک موجود موثر اقامہ ہولڈرز کو پیر یکم جون 2020 سے امارات واپس آنے کی اجازت دی ہے۔العریبیہ نیوز کے مطابق امارات کی حکومت نے بیرون ملک موجود موثر اقامہ ہولڈرز کو انٹری ویزے کے باعث امارات واپس آنے کی اجازت دی ہے۔

(جاری ہے)

اماراتی حکام نے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے اور تارکین وطن کی صحت و سلامتی کی خاطر حفاظتی تدبیر کے طور پر 19 مارچ 2020 کوسرکاری حکم جاری کرکے موثر اقامہ ہولڈرز کی امارات واپسی تاحکم ثانی معطل کردی تھی۔ فیڈرل اتھارٹی فار ائڈنٹیٹی فار سٹیزن شپ نے بیرون ملک مقیم موثر اقامہ ہولڈرز سے کہاہے کہ امارات واپسی کے خواہشمند حضرات اتھارٹی کی ویب سائٹ پر جاکرسروس میں اندراج کرالیں اس کی بدولت وہ کسی رکاوٹ کے بغیر امارات واپس آسکیں گے۔ اندراج کے ذریعے انہیں امارات واپسی کا اجازت نامہ مل جائے گا۔اتھارٹی نے اپنی ویب سائٹ پر کہا ہے کہ تارکین وطن کی امارات واپسی کی بنیادی شرط یہ ہے کہ امارات آنے کا اجازت نامہ حاصل کرنے کے لیے آن لائن درخواست پیش کریں۔