مکہ کے علاوہ سعودی عرب میں 21 جون تک کرفیو کے اوقات میں نرمی کا اعلان

مسجد الحرام سمیت تمام مساجد کو جمعہ اور پنجگانہ نماز کیلئے احتیاطی تدابیر کو اپناتے ہوئے کھول دیا گیا

Salman Javed Bhatti سلمان جاوید بھٹی منگل 26 مئی 2020 12:13

مکہ کے علاوہ سعودی عرب میں 21 جون تک کرفیو کے اوقات میں نرمی کا اعلان
ریاض ( اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 26 مئی 2020ء ) مکہ کے علاوہ پورے سعودی عرب میں 21 جون تک کرفیو کے اوقات میں نرمی کرنے کا اعلان کر دیا گیا  ۔ العربیہ کے مطابق سعودی عرب میں جمعرات 28 مئی سے 30مئی تک صبح 6بجے سے دوپہر تین بچے تک گھروں سے نکلنے کی اجازت ہوگی۔ بتایا گیا ہے کہ اتوار 31 مئی سے 20 جون تک صبح چھ سے رات 8 بجے تک کرفیو میں نرمی رہے گی۔ جبکہ مکہ المکرمہ اس سہولت سے مستثنیٰ ہوگا ، کرفیو سے خارج اوقات میں تمام شہروں اور صوبوں میں آنے جانے کی اجازت ہوگی۔

جبکہ احتیاطی تدابیر کو اپناتے ہوئے ملک کے اندر پروازوں کی بھی اجازت دے دی گئی ہے۔ اتوار کو مساجد جمعہ اور فرض نمازوں کیلئے کھول دی جائیں گی۔ جبکہ مکہ مکرمہ کی مساجد اس سہولت سے مستثنیٰ ہوں گی۔ تاہم مسجد الحرام میں نمازیں احتیاطی تدابیر کو اپناتے ہوئے جاری رہیں گی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب عمرہ اور زیارت پر پابندی برقرار رکھی گئی ہے۔ بین الاقوامی پروازیں بھی معطل ہیں۔

وزارت داخلہ کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سماجی فاصلوں کی پابندی نہ کرنے والوں پر پابندیاں برقرار رہے گی۔ ان میں حجام ، بیوٹی پارلر، فٹنس سینٹر، پلے گراؤنڈ ، سپورٹس کلب، سینیماز بھی بند رہیں گے۔ سعودی عرب کے تمام علاقو ں کے درمیان ٹرانسپورٹ کے مختلف وسائل کے ذریعے سفر پر پابندی ختم کردی گئی ہے البتہ متعلقہ ادارے ضروری احتیاطی تدابیر اور اقدامات کے پابند ہوں گی۔

سعودی وزارت داخلہ نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے صحت حکام کی سفارشات پر کرفیو اور حفاظتی اقدامات میں نرمی کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب سعودی فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے عیدالفطر کے موقع پرملک کے شہریوں اور مقیم غیرملکی تارکین وطن کی جانب سے کورونا کی وبا کے پیش نظر سماجی دوری اختیار کرنے اور حفظان صحت کے حوالے سے وضع کردہ طریقہ پرعمل درآمد کرنے کا خیر مقدم کیا ہے