شارجہ میں غیر مُلکی خاتون فرار ہونے کی کوشش میں چوتھی منزل سے گر کر ہلاک

پولیس کے مطابق مرنے والی خاتون گھریلو ملازمہ تھی، جس کی لاش کے پاس سے اس کا پرس بھی برآمد ہوا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 26 مئی 2020 13:39

شارجہ میں غیر مُلکی خاتون فرار ہونے کی کوشش میں چوتھی منزل سے گر کر ..
شارجہ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26مئی 2020ء) شارجہ میں مقیم ایک غیر مُلکی خاتون رہائشی عمارت کی چوتھی منزل سے گر کرہلاک ہو گئی ہے۔ گلف نیوز کے مطابق یہ واقعہ القاسمیہ کے علاقے میں پیش آیا ہے۔ شارجہ پولیس کے مطابق کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کو اطلاع دی گئی کہ القاسمیہ میں واقع ایک رہائشی بلڈنگ کے گراؤنڈ فلور پر ایک خاتون شدید زخمی حالت میں بے حس و حرکت پڑی ہے۔

جس کے بعد فوری طور پر پولیس پٹرولنگ ٹیم اور طبی امدا د کا عملہ بمعہ ایمبولینس روانہ کر دیا گیا۔پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر دیکھا تو وہاں پر ایک خاتون خون میں لت پت پڑی تھی۔ جسے طبی امداد دینے کے دوران پتا چلا کہ وہ کافی دیر پہلے ہی موت کے منہ میں جا چکی ہے۔ پولیس کے مطابق مرنے والی خاتون ایک گھریلو ملازمہ تھی جس کا تعلق افریقی ملک ایتھوپیا سے تھا۔

(جاری ہے)

یہ بدنصیب خاتون رہائشی بلڈنگ کی چوتھی منزل کے ایک فلیٹ پر مقیم ایک فیملی کے ہاں گھریلو ملازمہ تھی۔ ابتدائی تحقیقات سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ ایتھوپیائی خاتون فلیٹ کی کھڑکی سے فرار ہونے کی کوشش میں تھی جب وہ اچانک نیچے آ گری۔ کیونکہ اس کی لاش کے قریب سے اس کا پرس بھی مِلا ہے۔ تاہم مزید تحقیقات کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آئیں گے۔ فی الحال خاتون کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

جبکہ متوفی ملازمہ جس گھر میں کام کرتی تھی، اس کے سربراہ سے بھی الغریب پولیس اسٹیشن میں پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ دُبئی میں بھی کچھ روز قبل ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں ایک کم سن نوجوان اپنی زندگی سے محروم ہو گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق الورسان کے علاقے کی رہائشی بلڈنگ میں ایک عرب نوجوان اپنے فلیٹ کی بالکونی سے نیچے جا گِر ا، جس کے نتیجے وہ بُری طرح زخمی ہوگیا۔

نوجوان کو فوری طور پر ہسپتال بھجوایا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ نوجوان چوتھی منزل پر واقع اپنے فلیٹ میں بہن کے ساتھ بالکونی میں بیٹ بال کھیل رہا تھا، جب بال بالکونی سے نیچے جا گری نوجوان بال کو دیکھنے کے لیے بالکونی پر جھُکا ، اسی لمحے وہ اپنا توازن کھو بیٹھا اور نیچے گراؤنڈ فلور پر جا گِرا۔

پولیس کو اس واقعہ کی اطلاع دی گئی تو فوری طور پر پٹرولنگ ٹیم اور ایمبولینس روانہ کر دی گئی، جہاں نوجوان کو طبی امداد دی گئی، تاہم ابھی اسے ہسپتال لے جایا جا رہا تھا جب وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ دُبئی پولیس کی جانب سے اس واقعے پر متاثرہ خاندان سے افسوس کا اظہار کیا گیا ہے اور لوگوں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں کا خصوصی دھیان رکھا کریں۔