چینی افواج نے ٹھکائی کے بعد بھارتی فوجیوں کو واپس بھیج دیا

لداخ میں بھارت کی ایک پیٹرولنگ پارٹی چینی افواج کے ہتھے چڑھ گئی تھی ، بھارتی فوجیوں سے اسلحہ بھی چھینا جو بعدازاں واپس کر دیا گیا، چینی افواج نے پینگونگ نہر میں موٹر بوٹس سے کافی دیر تک پیٹرولنگ کی

Salman Javed Bhatti سلمان جاوید بھٹی منگل 26 مئی 2020 13:55

چینی افواج نے ٹھکائی کے بعد بھارتی فوجیوں کو واپس بھیج دیا
لداخ ( اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 26 مئی 2020ء ) چینی افواج نے بھارتی فوجیوں کی ٹھکائی کے بعد بھارت کے حوالے کر دیا ، تفصیلات کے مطابق بھارتی فوجی اور چینی افواج میں لداخ کے علاقے میں جھڑپ ہوئی جس میں بھارت کی ایک پیٹرولنگ پارٹی چینی افواج کے ہتھے چڑھ گئی۔ چینی افواج نے بھارتی فوجیوں کو زیر حراست لے کر انہیں بھارتی حکام کے حوالے کر دیا۔ چینی افواج کی جانب سے بھارتی فوجیوں کا اسلحہ بھی چھین لیا گیا تھا ، جو بعدازاں واپس کر دیا گیا ۔

تاہم دونوں جانب کے بارڈر میٹنگ کے بعد صورتحال معمول پر آ گئی۔ بھارتی فوج کی جانب سے حکومت کو بریفنگ دی گئی کہ چینی افواج سرحد پار کرکے بھارتی حدود میں کافی اندر تک آ گئی تھی ۔ چینی افواج نے پینگونگ نہر میں موٹر بوٹس سے کافی دیر تک پیٹرولنگ بھی کی جو بھارتی فوج کیلئے ایک بہت بڑا جھٹکا تھا ۔

(جاری ہے)

بھارتی فوج کی جانب سے حکومت کو بتایا گیا ہے حالات معمول پر ہیں تاہم سب کچھ ٹھیک نہیں ہے۔

دوسری جانب بھارتی فوج نے میڈیا پر اس معاملے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی فوجی چین کے قبضہ میں نہیں گیا تھا۔ مقبوضہ کشمیر کے خطے لداخ میں ایک دوسرے کے بالمقابل کھڑی بھارتی اور چینی فوجیوں کے درمیان صورتحال سنگین شکل اختیار کرتی دکھائی دے رہی ہے اور بعض میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ چین متنازعہ علاقوں میں بھارتی فوجیوں کو گشت کرنے سے روکنے کے لئے دو مقامات پر بنکر بنا رہا ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یہ دونوں مقامات 110 کلومیٹر کے فاصلے پر گالوان کے علاقے اور پیانگونگ توسو میں ہیں۔چینی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل ای) نے خاص طور پر وادی گیلوان میں اپنی موجودگی کو تقویت بخشی ہے اور اس نے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران بھارتی فوجیوں کے سخت احتجاج کے باوجودمذکورہ علاقے میں 100 کے قریب خیمے کھڑے کیے اور بنکروں کی تعمیر کے لئے بھاری سازوسامان یہاں پہنچایا۔