عراقی نائب وزیر اعظم کا دورہ سعودی عرب

منگل 26 مئی 2020 14:00

ریاض۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2020ء) عراق کے نائب وزیر اعظم علی علاوی سعودی عرب کے دورہ پر ریاض پہنچ گئے۔سعودی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق عراق کے نائب وزیراعظم جو وزیر خزانہ بھی ہیں انہوں نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے نام عراق کے وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی کا ایک پیغام بھی پہنچایا ہے۔ اپنے دورے کے دوران علی علاوی نے تیل منڈی کے استحکام اور مشترکہ مفاد سے متعلق دیگر امور پرسعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان سے ملاقات میں تبادلہ خیال بھی کیا۔

ملاقات میں اوپیک پلس معاہدے کے بعد تیل کی عالمی منڈی میں آنے والی بہتری کے بارے میں راحت کا اظہار کیا اور توازن کی بحالی میں تیزی لانے کے لیے تیل پیدا کرنے والے ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا جبکہ معاہدے پر دونوں ممالک کی وابستگی پر زور دیا۔

(جاری ہے)

نائب وزیراعظم علی علاوی نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے بھی ملاقات کی، انہوں نے عراقی حکومت کے قیام پر مبارکباد دی۔

شہزادہ فیصل نے کہا کہ شاہ سلمان، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی حکومت عراقی عوام میں اتحاد برقرار رکھنے کی خواہش رکھتے ہیں اور مشترکہ مفادات کے حصول اور علاقائی سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے نئی حکومت کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے دہشت گردی سے نمٹنے میں عراق کے لیے سعودی عرب کی معاونت اور کسی بھی غیر ملکی مداخلت کے بغیر عراقی خودمختاری اور علاقائی اتحاد کی ضرورت پر بھی زور دیا۔اس موقع پر سعودی عراقی رابطہ کونسل کی اہمیت پر بھی روشنی ڈال گئی، جو دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے اور سیاست، معیشت، تجارت، سلامتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں باہمی تعاون کو بڑھانے کے لیے ایک میکانزم کے طور پر قائم کیا گیا تھا۔