دنیا میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 56 لاکھ3ہزار143 ہوگئی

3 لاکھ 48 ہزار167 افراد ہلاک ‘پاکستان میں ہلاکتیں1198تک جا پہنچی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 26 مئی 2020 14:09

دنیا میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 56 لاکھ3ہزار143 ہوگئی
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔26 مئی۔2020ء) دنیا بھر میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 56 لاکھ3ہزار143 ہوچکی ہے جبکہ3 لاکھ 48 ہزار167 افراد ہلاک اور 23لاکھ 81ہزار620 صحت یاب ہوچکے ہیں‘عالمی ادارہِ صحت نے حفاظتی خدشات کے پیش نظر کووڈ 19 کے ممکنہ علاج کے طور پر استعمال ہونے والی دوائی ہائیڈروکسی کلوروکوین کے ٹرائل معطل کر دیے ہیں.

پاکستان میں متاثرین کی تعداد 57 ہزار705 جبکہ 1198 ہلاکتیں ہو چکی ہیں‘اس وقت کووڈ 19 کے سب سے زیادہ متاثرین امریکہ میں ہیں جن کی تعداد ساڑھے 16 لاکھ سے زائد ہے‘فہرست میں دوسرے نمبر پر برازیل آ چکا ہے جہاں متاثرین تیزی سے بڑھ رہے ہیں جبکہ برطانیہ اموات کے اعتبار سے دوسرے نمبر پر ہے. بھارت کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ دس ممالک کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے جانز ہاپکنز یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق انڈیا میں مصدقہ متاثرین کی مجموعی تعداد 144950 ہو چکی ہے‘پاکستان میں کورونا سے اموات کے اعتبار سے خیبر پختونخوا سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ ہے جہاں اب تک 408 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں اب تک 20 ہزار سے زائد متاثرین کی تصدیق ہو چکی ہے‘متاثرین کے اعتبار سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ سندھ ہے جہاں متاثرین کی تعداد 23 ہزار کے قریب ہے.

برطانیہ میں کووڈ 19 کے سب سے بڑے ٹریکنگ منصوبے کے سربراہ نے کہا ہے کہ مارچ میں ہونے والی کھیلوں کی دو اہم تقریبات کی وجہ سے مصائب اور اموات میں اضافہ ہوا ہے چیلتین ہیم فیسٹیول اور لیورپول کے چیمپیئنز لیگ میں اٹلیٹیکو میڈرڈ کے خلاف میچ کے فوراً بعد ہی لاکھوں رضاکاروں سے جمع کردہ ڈیٹا سے کورونا وائرس کے ہاٹ سپاٹ کے بارے میں پتا چلا.

پروفیسر ٹم سپیکٹر نے کہا ہے کہ مقامی طور پر کیسز کی شرح میں ’کئی گنا‘ اضافہ ہوا ہے جبکہ حکومت کا کہنا ہے کہ ایک خاص علاقے میں بہت سے عوامل کیسز کی تعداد کو متاثر کر سکتے ہیں‘واضح رہے کہ کورونا وائرس کے خطرے کے باوجود، تین مہینے سے بھی کم عرصہ قبل تک برطانیہ میں کھیل معمول کے مطابق جاری تھے. لیکن کنگز کالج لندن کے پروفیسر ٹم سپیکٹر نے کہا کہ ’اس فیصلے کی وجہ سے لوگ شاید وقت سے پہلے ہی دم توڑ چکے ہوں گے برطانیہ کے سائنسدان ایک ایسے علاج کی آزمائش شروع کرنے والے ہیں جس کے بارے میں انھیں امید ہے کہ وہ کووِڈ-19 سے شدید ترین متاثر افراد کی بھی صحت میں بہتری لائے گا‘سائنسدانوں کو معلوم ہوا ہے کہ جن افراد میں مرض سب سے زیادہ شدت سے ظاہر ہوا ہے، ان میں ٹی سیلز کہلانے والے مدافعتی خلیے بہت کم تعداد میں پائے جاتے ہیں ٹی سیلز کا کم جسم سے انفیکشن کا صفایا کرنا ہوتا ہے.

یہ طبی آزمائش اس بات کی جانچ کرے گی کہ کیا ٹی سیلز کی تعداد میں اضافہ کرنے والی انٹرلیوکین 7 نامی دوا مریضوں کی صحتیابی میں مدد دے سکتی ہے یا نہیں‘ادھر روس میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 174 اموات سامنے آئی ہیں جس کے بعد ملک میں کل اموات کی تعداد 3807 ہو گئی ہے گذشتہ روز 8915 کیس سامنے آئے جس سے ملک میں کل متاثرین کی تعداد 362342 ہو گئی ہے.

ماسکو میں سب سے زیادہ 2830 جبکہ ماسکو خطے میں 817 اور سینٹ پیٹرزبرگ میں 364 نئے مریض سامنے آئے ہیں اب تک ملک میں 131129 افراد اس وائرس سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں. ساﺅتھ امریکی ملک ایکواڈور میں ہزاروں افراد نے کورونا وائرس کے پھیلاﺅ پر حکومت کے اقتصادی ردعمل کے خلاف احتجاج کیا ہے‘دارالحکومت کوئٹو میں لگ بھگ دو ہزار افراد نے پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے احتجاج میں حصہ لیا.

گذشتہ ہفتے ایکواڈور کے صدر نے کچھ سرکاری کمپنیوں کی بندش اور تنخواہوں میں کٹوتی جیسے اقدامات کا اعلان کیا تھا‘ایکواڈور جنوبی امریکہ کے سب سے زیادہ متاثر ممالک میں شامل ہے. جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعدادوشمار کے مطابق ایکواڈور میں اب تک کورونا کے تقریباً 37 ہزار کیس سامنے آ چکے ہیں جبکہ دو ہزار سے زائد لوگ ہلاک ہوئے ہیں‘صدر لینن مورینو کی اعلان کردہ کٹوتیوں کے بعد ماسک پہنے اور جھنڈے اٹھائے مظاہرین نے ٹریڈ یونینز اور سماجی تنظیموں کے زیر اہتمام مظاہروں میں شرکت کی صدر مورینو کے مطابق کورونا وائرس کے نتیجے میں ڈیڑھ لاکھ ملازمتیں ختم ہو گئیں ہیں.