قطر میں کورونا کے مریضوں میں 1751 افراد کا اضافہ ہو گیا

مملکت میں کورونا کے مریضوں کی کُل تعداد 35,076تک جا پہنچی، مزید 3 مریض ہلاک ہو گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 26 مئی 2020 15:00

قطر میں کورونا کے مریضوں میں 1751 افراد کا اضافہ ہو گیا
دوحہ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26مئی 2020ء) عید الفطر کی تعطیلات کے دوران قطر میں کورونا وائرس مزید بے قابو ہو گیا۔ عید کے دوسرے روز مملکت میں کورونا کے 1751 نئے کیسز سامنے آ گئے۔ جس کے بعد کورونا کے مجموعی متاثرین کی گنتی 35,076تک جا پہنچی ہے۔ سعودی ویب سائٹ عاجل کے مطابق گزشتہ روز کورونا کے تین اور مریض چل بسے، جس کے بعدکورونا سے مرنے والوں کی گنتی 26 ہو گئی ہے ۔

قطری وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1193 مریضوں نے کورونا کو شکست دے دی، اس طرح اب تک کُل 10,363 کورونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ واضح رہے کہ چند روز پہلے قطری حکومت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مرکزی جیل میں بند 12قیدیوں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی، جن میں سے دو قیدیوں کی حالت بگڑنے کے بعد انہیں ایک قریبی ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ، جہاں انہیں بہترین علاج معالجے کی سہولت فراہم کی گئیں، صحت یاب ہونے کے بعد انہیں واپس جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

قطری حکومت کے مطابق جیل میں دو قیدیوں کے کورونا سے مرنے کی خبریں سراسر بے بنیاد اور جھوٹی ہیں ۔ جیل میں قیدیوں کی طرف سے کوئی بغاوت نہیں کی گئی اور نہ ہی فرار ہونے کی کوئی کوشش کی گئی ہے۔ یہ سب پراپیگنڈہ قطری مملکت کو بدنام کرنے کی خاطر کیا جا رہا ہے۔قطر میں کورونا کے خدشے کے پیش نظر گزشتہ ماہ پانچ سو قیدیوی کی سزا معاف کرنے کے بعد انہیں فوری طور پر جیل سے رہا کر دیا گیا تھا۔

19 مئی کو قطر میں تمام دُکانیں اور کاروبار مراکز بند کر ا دیئے گئے تھے۔ حکام کے مطابق 19 مئی سے 30مئی تک تمام کاروبار بند رہیں گے، البتہ فارمیسیز، فوڈ سپلائی اور ڈلیوری مراکز کو کام کرنے کی اجازت ہو گی۔ قطری حکومت نے کرونا وائرس سے بچاوٴ کے لیے تاحکم ثانی گھروں سے باہر نکلنے والے تمام افراد کے لیے چہرے پر ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا تھا۔

اس کی خلاف ورزی کے مرتکبین کو جیل اور 55 ہزار ڈالر تک جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔ وزارت صحت کے مطابق مملکت میں اب تک مقامی اور تارکین وطن کے مجموعی طور پرایک لاکھ سے زائد ٹیسٹ لیے جا چکے ہیں۔ مملکت میں جو کورونا کے مریضوں کی گنتی میں بہت تیزی سے اضافہ ہوا ہے، یہ کیسز کے بلند ترین سطح پر ہونے کی نشانی ہے۔اس کے بعد آہستہ آہستہ مریضوں کی تعداد میں کمی واقع ہوتی نظر آئے گی۔