سندھ حکومت طیارہ حادثے پر پوائنٹ اسکورنگ نہ کرے، گورنر سندھ

طیارہ حادثے کی تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ منظرعام پرلائی جائے گی اگر انسانی غلطی ثابت ہوئی توسخت سزادی جائے گی، میڈیا سے گفتگو

منگل 26 مئی 2020 16:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2020ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ سندھ حکومت طیارہ حادثے پر پوائنٹ اسکورنگ نہ کرے بلکہ وفاق اور پی آئی اے کی مدد کرے۔ تفصیلات کے مطابق گورنرسندھ نے طیارہ حادثے کے شہید شبیر احمدکے گھر پہنچ کر اہل خانہ سے تعزیت اور حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ گورنر سندھ نے وزیراعظم کی جانب سے ہمدردی کا پیغام پہنچایا۔

اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طیارہ حادثے کی تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ منظرعام پرلائی جائے گی اگر انسانی غلطی ثابت ہوئی توسخت سزادی جائے گی۔عمران اسماعیل نے کہا کہ سندھ حکومت پوائنٹ اسکورنگ نہ کرے اور وفاق کے ساتھ ساتھ پی آئی اے کی مدد کرے۔بعدازاں وزیراعظم کی ہدایت پروفاقی وزیر فیصل واوڈا بھی طیارہ حادثے کے شہدا کے گھر پہنچے، فیصل واوڈا طیارہ حادثے میں شہید ہونے والے بلال احمد، ڈاکٹر یاسمین اکبری اور ارمغان علی کے گھر گئے جہاں انہوں نے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پران کی جانب سے اظہارافسوس کیا اور لواحقین کو وزیراعظم کا خصوصی پیغام پہنچایا۔ شہداکیلئے مغفرت اور بلندی درجات کی دعا کی۔فیصل واوڈا نے کہا کہ دلخراش سانحے پر پوری قوم افسردہ ہے، دکھ کی اس گھڑی میں وفاقی حکومت لواحقین کے ساتھ ہے۔