بھارت خطہ میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے

وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین کا ٹویٹ

منگل 26 مئی 2020 16:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2020ء) وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ کالا پانی تنازعے پر نیپالی حکومت کا بیان اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت خطہ میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت تباہی کے راستے پر گامزن ہے۔منگل کو اپنے ٹویٹ میں چوہدری فواد حسین نے نیپال کے نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع اشوور پوکھریل کے بیان کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے بھارتی فوج کے سربراہ جنرل منوج نروانے کے بیان کو اپنے ملک اورگورکھا برادری کی توہین قرار دیا تھا۔

(جاری ہے)

چوہدری فواد حسین نے اپنے ٹویٹ میں سوال اٹھایا ہے کہ کیا نیپالی وزیر دفاع کا بیان اس بات کا ثبوت نہیں کہ اس خطہ کا ایک ملک بھارت خطہ میں عدم استحکام پیدا کرنے اور دوسروں کے معاملات میں مداخلت کرنے کی کوشش نہیں کر رہا اور کیا بھارت کی مودی سرکار ایک ایسے راستے پر چل نہیں چل رہی ہے جو تباہی کی طرف جاتا ہے۔واضح رہے کہ بھارتی آرمی چیف نے قبل ازیں ایک بیان میں چین کا نام لئے بغیر نیپال پر یہ الزام عائد کیا تھا کہ بھارتی ریاست اترکھنڈ کے سرحدی علاقے میں بھارت کی طرف سے تعمیر کی جانے والی سڑک پر اعتراض وہ کسی اور کے کہنے پرکر رہا ہے۔