ڈیرہ اسماعیل خان، ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے محکمہ زراعت کی وساطت سے 40 دنوں میں60 سے زائد آپریشنز کئے، ڈپٹی کمشنر

منگل 26 مئی 2020 16:30

ڈیرہ اسماعیل خان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2020ء) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے کہا ہے کہ ٹڈی دل کے خاتمہ کیلئے ضلعی انتظامیہ نے تحصیل کلاچی کے علاقوں لونی اور باچہ آباد سمیت ضلع بھر میں محکمہ زراعت کی وساطت سے 40دنوں میں60سے زائد آپریشنز کئے ہیں۔ خیبر پختونخواہ کے کسی بھی ضلع میں اتنے بڑے پیمانے پر ایمرجنسی آپریشنز کئے گئے ہیں نہ ہی اتنا وسیع علاقہ کلیئر کرایا گیا جتنا ہمارے ایریا میں ٹڈی دل کے تدارک اور ممکنہ بچائو کیلئے ریلیف اینڈ ریسکیوآپریشن کیا گیا۔

احساس ایمرجنسی پروگرام کے تحت ڈیرہ اسماعیل خان میں اب تک 1.2 ارب تقسیم کئے جاچکے ہیں۔ محکمہ فوڈ نے اب تک صوبائی گندم خریداری مرکز پر ساڑھے 6 ہزار میٹرک ٹن گندم خرید کی ہے، ہمارا ٹارگٹ 50ہزار میٹرک ٹن ہے، عوام کورونا وائرس سے بچائو کیلئے احتیاطی تدابیر پر مکمل عملدرآمد کرکے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں یے عید الفطر کے موقع پر ڈیرہ شہر میں صفائی سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لینے اور عید ملنے کیلئے آنے والے معززین علاقہ اور صحافیوں سے ایس او پیز کے تحت ملاقات کے دوران کیا۔

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچائو کیلئے مقامی لیبارٹری میں 1255نمونے بھجوائے گئے جن میں سے 1252کے نتائج آچکے ہیں، لیبارٹری میں روزانہ کی بنیاد پر دو شفٹوں میں کام کیا جارہا ہے، جبکہ لیبارٹری میں روزانہ کی بنیاد پر88متاثرہ افراد کے ٹیسٹ کرنے کی استعداد ہے۔ 1255مقامی متوقع کورونا کیسز میں 1114افراد کے نتائج ٹیسٹ کے بعد منفی آئے ہیں، متاثرہ افراد میں31سی40سال کی عمر کے افراد میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح زیادہ ہے۔

ڈیرہ ہائیکورٹ کی75اہلکاروں کے نمونے حاصل کئے گئے تھے جن میں سے 4ملازمین میں کورونا مثبت پایا گیا جن کے مناسب علاج اور احتیاطی تدابیر کے بعد ان افراد کے نتائج بھی منفی آگئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد عمیر نے بتایا کہ مستقبل کیلئے گیمر چینجر منصوبے سی پیک روڈ کی تکمیل سے ڈیرہ اسماعیل خان اور اسلام آباد کے مابین فاصلے سمٹ جائیں گے اور 5گھنٹے سے زائد کا سفر کم ہوکر صرف تین گھنٹے رہ جائیگا جبکہ اس کے ساتھ ساتھ علاقہ میں معاشی سرگرمیوں میں اضافے سے علاقہ کی تقدیر بدل جائے گی۔

ڈیرہ شہر او مضافاتی علاقوں میں صفائی کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کیلئے واسا کیلئے نئی مشینری کی خریداری کیلئے صوبائی حکومت نے فیصلہ کرلیا ہے، جلد ہی صفائی کی نئی مشینری واسا کو فراہم کردی جائیگی جس سے شہر میں صفائی کی صورتحال مزید بہتر ہوجائے گی۔