کورونا پرمشترکہ مفادات کونسل کا فوری اجلاس بلاکرازسرنو حکمت عملی کا تعین کیا جائے‘ شہباز شریف

لاک ڈائون کے نفاذ اور کھولنے سے پہلے حکمت عملی ہوتی تو متاثرین کی تعداد میں بے تحاشا اضافہ نہ ہوتا

منگل 26 مئی 2020 16:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدرو قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف نے کورونا کے متاثرین اور اموات کی شرح میں اضافہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاک ڈائون کے نفاذ اور کھولنے سے پہلے حکمت عملی ہوتی تو متاثرین کی تعداد میں بے تحاشا اضافہ نہ ہوتا ،پھر کہتا ہوں کہ مزید وقت ضائع نہ کریں، ہمہ جہت جامع قومی حکمت عملی بنائیں ۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ ٹیسٹنگ کے ڈیٹا کے بارے میں قوم کو بتایاجائے ، پھیلائوکو روکنے کی حکمت عملی کیا ہی تفصیل بتائی جائے ،ہسپتالوں میں مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر حکومتی حکمت عملی کیا ہے اس کے بارے میں بھی قوم کو بتایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ وقت تیزی سے گزر رہا ہے،حالات کے مطابق متعلقہ پہلوئوں پر توجہ دی جائے تاکہ نقصانات کو کم سے کم کیاجاسکے ،پچھتانے، ہاتھ ملنے اور تقدیر کا لکھا کہنا کوئی پالیسی نہیں،بہتر ین تدابیر سے نقصانات کم کئے جاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام سے اپیل ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں ورنہ خدانخواستہ حالات ہاتھ سے نکلے جا رہے ہیں،مشترکہ مفادات کونسل کا فوری اجلاس بلاکرحالات کا جائزہ لیا جائے اورتازہ ترین حالات کو دیکھتے ہوئے ازسرنو حکمت عملی کا تعین کیا جائے۔