سعودی حکومت نے کورونا سے نمٹنے کے لیے نئی حکمت عملی کا اعلان کر دیا

نئی حکمت عملی کا آغاز 28 مئی سے ہو گا، وزیر صحت کے مطابق لیبارٹریوں کی صلاحیت دْگنا کردی ، انتہائی نگہداشت کے لیے کمرے بنائے گئے اور وینٹی لیٹرز مہیا کیے گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 26 مئی 2020 17:38

سعودی حکومت نے کورونا سے نمٹنے کے لیے نئی حکمت عملی کا اعلان کر دیا
ریاض( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26مئی 2020ء) سعودی عرب نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے 28 مئی سے اپنی حکمت عملی کے نئے مرحلے کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔العربیہ نیوز کے مطابق سعودی عرب کے وزیر صحت توفیق الربیعہ نے بتایا ہے کہ یہ نئی حکمت عملی دو ستونوں پر مبنی ہے۔ اوّل، صحت کے نظام کی تشویش ناک کیسوں کے علاج کی صلاحیت۔ دوم، ٹیسٹ اور ابتدائی مرحلے میں تشخیص کی پالیسی۔

توفیق الربیعہ نے کہا کہ '' پہلے سے اختیار کردہ پیشگی حفاظتی اقدامات کی بدولت ہمیں کرونا وائرس کے پھیلنے کی شرح پر قابو پانے اور اس کے لیے تیاری کا موقع ملا ہے۔ گذشتہ عرصہ کے دوران میں ہم نے کمیونٹی میں شعور اجاگر کیا ،صحت عامہ کے نظام کا تحفظ کیا، لیبارٹریوں کی صلاحیت دْگنا کردی ، انتہائی نگہداشت کے لیے کمرے بنائے گئے اور وینٹی لیٹرز مہیا کیے گئے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ سعودی عرب میں کرونا کی وَبا پھوٹنے کے بعد تمام تر تیاریوں کا کریڈٹ حکومت اور عوام کو جاتا ہے کیونکہ عوام نے حکومت کی اعلان کردہ حفاظتی احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کیا ہے۔اس کی وجہ سے مملکت میں دوسرے ممالک کے مقابلے میں کم اموات ہوئی ہیں۔مستقبل میں مملکت کی کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ''حکومت کے فیصلے صحت کے نظام کے تفصیلی تجزیے پر مبنی ہوتے ہیں۔

اس تجزیے سے پالیسیوں اور لائحہ عمل پر وقت ضرورت نظرثانی کی جاتی ہے۔"توفیق الربیعہ نے کہا کہ حکومت اپنی حکمت عملی کے اس نئے مرحلے پر جمعرات 28 مئی سے عمل درآمد کا آغاز کرے گی اور معمول کے حالات کی واپسی تک اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرتی رہے گی۔ یہ حکمت عملی سماجی فاصلہ اختیار کرنے پرمبنی ہے۔تاہم انھوں نے یہ وضاحت نہیں کی ہے کہ حکومت کی یہ نئی حکمت عملی پہلے سے اختیار کردہ اقدامات سے کس طرح مختلف ہوگی۔