یوبی جی نے ہمیشہ بزنس کمیونٹی کومتحد رکھ کر مسائل کے حل کیلئے آواز بلند کی‘ ایس ایم منیر

ہم نے اپنے چیئرمین افتخار علی ملک اور دیگر ممبران کی مدد سے حکومت کو قابل عمل بجٹ تجاویزپیش کردی ہیں آئندہ سال فیڈریشن الیکشن کیلئے ہم مضبوط ٹیم لارہے ہیں‘ عید کے دن اپنی رہائشگاء پرآنے والے تاجررہنمائوں سے گفتگو

منگل 26 مئی 2020 18:35

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2020ء) یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ بزنس کمیونٹی کے مسائل حکومت تک پہنچاکر انہیں حل کرانے کی کوشش کرتے رہیں گے، ہم نے ماضی میںفیڈریشن چیمبر آف کامرس کے پلیٹ فارم سے یو بی جی چیئرمین افتخار علی ملک کی قیادت میں نہ صرف کاروباری برادری کی مشکلات کو سمجھا بلکہ بزنس کمیونٹی کومتحد رکھ کر مسائل کے حل کیلئے آواز بلند کی ۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار عید کے موقع پر اپنی رہائشگاہ پر ملاقات کیلئے آنے والے سینیٹر عبدالحسیب خان،زبیرطفیل، گلزارفیروز،خالدتواب،سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی، فرحان الرحمان،پی ٹی آئی رہنماسمیر میر شیخ، نوراحمد خان اور دیگر تاجروں سے گفتگو کے دوران کہی۔

(جاری ہے)

ایس ایم منیر نے کہا کہ پاکستان کی معیشت مشکلات کا شکار ہے لیکن میری دعا ہے کہ ملک میں معاشی حالات بہتر ہوجائیں اور ہم ملکی معیشت کی درستگی کیلئے وزیراعظم عمران خان کی کوششوں میں مکمل ساتھ دے رہے ہیں،کورونا وائرس نے پاکستان کے کاروبار سمیت تمام معاملات کو ختم کرکے رکھ دیا ہے،کاروبار کی بندش کے سبب لوگوں کی تنخواہوں کی ادائیگی مشکل ہوچکی ہے،کورونا کی وجہ سے چھوٹے تاجروں کیلئے اپنا گھر چلانا مشکل ہوچکا ہے ،ایسے حالات میںہم نے اپنے چیئرمین افتخار علی ملک اور دیگر ممبران کی مدد سے حکومت کو قابل عمل بجٹ تجاویزپیش کردی ہیں جس سے نہ صرف ملک کاتجارتی و صنعتی شعبہ مضبوط ہو بلکہ عوام کی مشکلات بھی کم ہوسکیں گی،امید ہے کہ حالات جلد بہتر ہوجائیں گے۔

ایس ایم منیر نے کہا کہ فیڈریشن میں آئندہ سال کے الیکشن کیلئے ہم مضبوط ٹیم لارہے ہیں جوپاکستان کی سخت معیشت کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے اور حکومت کو بہترین تجاویز دینے کی اہلیت رکھتی ہوگی اور بزنس کمیونٹی کی موثر اور مضبوط نمائندگی کرے گی۔