متحدہ عرب امارات میں کورونا سے متاثرہونے والے افراد کی تعداد 31ہزار سے تجاوز کر گئی

گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 779 نئے کیسز سامنے آ گئے، مزید 5 مریض جاں بحق، 16ہزار کے قریب افراد صحتیاب بھی ہوگئے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 26 مئی 2020 18:39

متحدہ عرب امارات میں کورونا سے متاثرہونے والے افراد کی تعداد 31ہزار ..
ابوظبی( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26مئی 2020ء) متحدہ عرب امارات میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران مزید 779افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد مملکت میں کورونا کے شکار افراد کی مجموعی گنتی 31,086تک جا پہنچی ہے۔ اماراتی وزارت صحت کے مطابق کورونا کے مزید پانچ افراد جاں بحق ہوگئےہیں، جس کے بعد اس موذی مرض کے ہاتھوں مرنے والوں کی مجموعی گنتی 253ہو گئی ہے۔

وزارت صحت کے مطابق کورونا کے نئے کیسز اس وقت سامنے آئے جب 40ہزار سے زائد افراد کے کورونا کے شُبہے میں ٹیسٹ لیے گئے۔ مملکت میں کورونا کی وبا پھُوٹنے کے بعد سے اب تک مجموعی طور پر 20لاکھ سے زائد افراد کے ٹیسٹ لیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ اماراتی وزارت صحت نے خبردار کیا ہے کہ گھروں میں قرنطینہ اختیار کرنے والے افراد کو ٹیسٹ کی رپورٹ نیگیٹو آنے تک گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

(جاری ہے)

مملکت میں اب تک 15ہزار 982مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔ جس کے بعد مملکت میں کورونا کی ایکٹو کیسز کی تعداد 14,851 ہوگئی ہے۔ اس کے علاوہ حکومت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے والوں کوگھریلو قرنطینہ کی پہلی بار خلاف ورزی پر پچاس ہزار درہم کا جرمانہ ہو گا، جبکہ دوسری بار اس خلاف ورزی پر ایک لاکھ درہم کا جرمانہ اور چھ ماہ تک قید ہو گی۔

وزارت کے مطابق دو قسم کے افراد گھریلو قرنطینہ اختیار کریں گے، پہلے تو وہ لوگ جن کے کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے کے باعث وہ مصدقہ مریض بن چکے ہوں، جبکہ جو افراد کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں سے رابطے میں رہے ہوں گے، انہیں بھی خود کو اور اس بارے میں محکمہ صحت کا بھی آگاہ کرنا ہو گا۔ ان افراد کو اس وقت تک گھروں سے نکلنے کی اجازت نہیں ہو گی، جب تک ان کے ٹیسٹ نیگیٹو نہیں آئیں گے۔

گھروں پر قرنطینہ اختیار کرنے والوں کو الیکٹرانک بریسلیٹ پہننی ہو گی، جو محکمہ صحت کی جانب سے فراہم کی جا رہی ہے، تاکہ حکام کو کسی شخص کی جانب سے خلاف ورزی کی صورت میں فوری پتا چل جائے۔ اس کے علاوہ کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں الحوسن ایپ بھی سمارٹ فونز پر ڈاؤن لوڈ کرنا ہو گی اور اس پر اپنی رجسٹریشن کروانا لازمی ہے۔