پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا کوئی امکان نہیں، ترجمان پی ایس او

منگل 26 مئی 2020 18:40

پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا کوئی امکان نہیں، ترجمان پی ایس او
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2020ء) ریفائنریز اور آئل امرکیٹنگ کمپنیوں نے تین ہفتے سے ڈیزل کے کوٹے میں 60فیصد کمی کی ہوئی ہے تاہم پی ایس او حکام کا کہنا ہے کہ کسی پیٹرولیم پروڈکٹ کی کمی کا کوئی امکان نہیں۔تفصیلات کے مطابق عید کے دنوں میں شہر قائد میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ آل پاکستان پیٹرولیم ریٹیلرز ایسوسی ایشن کے سمیر نجم الحسن نے کہا کہ 21مئی سے پیٹرول پمپس پر سپلائی متاثر ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئل کمپنیاں مقامی ریفائنریز سے تیل کی خریداری نہیں کررہی ہے کیونکہ وہ سستے تیل کی درآمد کی منتظر ہیں۔سمیر نجم الحسن نے کہا کہ بیرون ملک سے آنیوالے جہازوں کے تیل کی قیمت مقامی آئل کمپنیوں کی قیمت کے مقابلے میں سستی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اکثر پیٹرول پمپس پر تیل کا ذخیرہ ختم ہوگیا ہے، پیٹرول اور ڈیزل کی قلت سے ڈیلرز، گڈز ٹرانسپورٹرز اور عوام مشکلات کا سامنا ہے۔

سمیر نجم الحسن کا مزید کہنا تھا کہ میمن گوٹھ، کورنگی کاز وے، گلشن اقبال، موتی محل سمیت بیشتر پیٹرول پمپس پر ڈیزل اور پیٹرول نہیں۔دوسری جانب سے پی ایس او حکام نے پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کے خدشے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ایس او کے پاس ایندھن کا تسلی بخش ذخیرہ موجود ہے، کسی پٹرولیم پروڈکٹ کی کمی کا کوئی امکان نہیں۔ترجمان پی ایس او کا کہنا تھا کہ پی ایس او پمپس کو کیماڑی ٹرمینل سے سپلائی جاری ہے دیگر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے پمپس پر قلت سے دبا بڑھا۔ ترجمان نے کہا کہ دبائو بڑھنے سے پی ایس او پمپس پر سیلز میں غیر معمولی اضافہ ہوا، تمام پٹرولیم پروڈکٹس کی مسلسل سپلائی یقینی بنائی جارہی ہے۔