مشرقی پاکستان کے ٹوٹنے میں دیگرعوامل کے ساتھ ساتھ بدعنوانی کا بھی کردار رہا ہے، ماضی میں پاکستان میں کرپشن کے حوالہ سے مادرپدرآزادی رہی ہے، آئی پی پیز کے ذریعے ملک کو نقصان پہنچایا گیا، جن لوگوں نے یہ سب کچھ کیا انہیں شرم تک نہیں آتی

صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

منگل 26 مئی 2020 19:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2020ء) صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہاہے کہ مشرقی پاکستان کے ٹوٹنے میں دیگرعوامل کے ساتھ ساتھ بدعنوانی کا بھی کردار رہا ہے، ماضی میں پاکستان میں کرپشن کے حوالہ سے مادرپدرآزادی رہی ہے، آئی پی پیز کے ذریعے ملک کو نقصان پہنچایا گیا، جن لوگوں نے یہ سب کچھ کیا انہیں شرم تک نہیں آتی۔

انہوں نے یہ بات نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئی کہی۔ صدرمملکت نے کہاکہ بدعنوانی کے خلاف جہاد انہوں نے کالج کے دنوں سے شروع کیاتھا،1969 میں تھوڑے وقت کیلئے مجھے گرفتاربھی کیاگیا، اس دور میں زندگی کے نام سے ایک رسالہ نکلتاتھااس نے سرورق کے ساتھ چارپانج صفحوں پراس واقعہ کی کوریج بھی کی ۔صدر مملکت نے کہاکہ مشرقی پاکستان کے ٹوٹنے میں بہت سارے عوامل کارفرما تھے اس میں کرپشن کا بھی حصہ تھا،ان کے چور ان کو پیارے ہوگئے اورہمارے چورہمیں پیارے ہوگئے اوربدعنوانی کاسلسلہ جاری رہا ۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہاکہ بدعنوانی دنیاء میں ہرجگہ موجودہے، یہ انسان کے فطرت کے اندرہیں، دنیا بھرمیں حکومتیں اس کو کنٹرول کرتی رہی ہیں، لیکن پاکستان کرپشن کے حوالہ سے مادر پدرآزاد رہا۔ انہوں نے کہاکہ بدعنوانی کی مثال ایسی ہے کہ ایک کشتی ہے اوراس میں سونے کی کیلیں لگی ہوئی ہیں، اس میں ہرسوارہر آدمی ایک کیل نکال دیتا ہے اوروہاں انگلی رکھ دیتاہے کہ کسی کو پتہ نہ چلے، اسی طرح اگر ساری کیلیں نکال دی جائے تو کشتی ڈوبنے کاخطرہ بڑھ جاتاہے، پاکستان میں کرپشن بے انتہاء تکلیف دہ سطح تک چلا گیا،ایک لحاظ سے ان لوگوں نے اپنا ملک بیچ دیا۔

صدر نے کہاکہ آئی پی پیز کے حوالہ سے جو کچھ ہواوہ ہمارے سامنے ہیں، میں تصورنہیں کرسکتاتھا کہ ملک کو اس قدرنقصان پہنچایا جائیگا، جن لوگوں نے یہ سب کچھ کیا انہیں شرم تک نہیں آتی۔ صدر نے کہاکہ جن لوگوں نے سب کیا وہ ایسے لوگ ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ نے مال ودولت سے خوب نوازاہے، یہ لوگ مزید گھسیٹنے کیلئے لگے رہتے ہیں، اللہ تعالیٰ نے قران میں ایسے لوگوں کیلئے فرمایا ہے کہ تم چیزیں جمع کرتے رہتے ہوں جب تک تمہیں اپنی قبرنظرنہیں آتی۔