وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی بلوچستان کے پسماندہ ترین ضلع موسی خیل آمد، قبائلی عمائدین اوردیگر شخصیات کی ملاقات،عید کی مبارکباد دی

وزیراعلیٰ کا بلوچستان کے عوام کے لئے عید کا تحفہ،موسی خیل میں ریسکیو 1122سٹیشن کے قیام کا اعلان وزیراعلیٰ کا موسی خیل میں بینک آف پنجاب کی برانچ کے قیام اوراے ٹی ایم مشین لگانے کا بھی اعلان موسی خیل میں نادرا کا دفتر بھی قائم کرنے کااعلان ، موسی خیل میں کالج کے لئے بسیںبھی فراہم کی جائیں گی برس میں پسماندہ ترین ضلع موسی خیل کا دورہ کرنے والا پہلا وزیراعلیٰ ہوں‘بلوچستان میرا دوسرا گھر ہے،بلوچستان کے لوگوں کیساتھ میرا محبت اوربھائی چارے کا رشتہ ہے‘ عثمان بزدار

منگل 26 مئی 2020 19:55

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2020ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے عید کے تیسرے روز بلوچستان کے پسماندہ ترین ضلع موسی خیل کا دورہ کیا-وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے موسی خیل میں قبائلی عمائدین اوردیگر شخصیات نے ملاقات کی،جس میں ایک دوسرے کا حال احوال پوچھا گیا-وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے قبائلی عمائدین اور مقامی لوگوں کو عید کی مبارکباد دی -وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر پنجاب حکومت کی جانب سے موسی خیل میں ریسکیو 1122سٹیشن کے قیام ، بینک آف پنجاب کی برانچ کے قیام اوراے ٹی ایم مشین لگانے کا اعلان کیا-وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے موسی خیل میں نادرا کا دفتر بھی قائم کرنے کااعلان کیا اور کہاکہ اس ضمن میں وفاقی حکومت سے رابطہ کر کے مزید اقدامات کئے جائیں گی-انہوںنے کہاکہ موسی خیل میں کالج کے لئے بسیںبھی فراہم کی جائیں گی- وزیراعلیٰ عثما ن بزدار نے کہاکہ ریسکیو1122سٹیشن کیلئے 4×4ویل گاڑیاں دی جائیں گی جس سے موسی خیل، پنجاب کے قبائلی علاقوں اورکے پی کے کے ملحقہ علاقوں کے رہائشیوں کو سہولت ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ یہ علاقہ کئی دہائیوں سے نظر انداز رہا ہے جبکہ ہماری حکومت پسماندہ علاقوں کی ترقی کو اپنا مشن سمجھتی ہے۔بلوچستان کے عوام کیلئے خیر سگالی اورمحبت کا پیغام لے کرآیا ہوں۔موسی خیل کی تحصیل درگ میں بجلی کی فراہمی کے لئے رقم جمع کروادی گئی ہے۔جعفر،قیصرانی اور بزدار قبلے کے علاقوں تک بجلی پہنچے گی۔ انہوںنے کہاکہ 73برس میں پسماندہ ترین ضلع موسی خیل کا دورہ کرنے والا پہلا وزیراعلیٰ ہوں۔

بلوچستان میرا دوسرا گھر ہے۔بلوچستان کے لوگوں کے ساتھ میرا محبت اوربھائی چارے کا رشتہ ہے۔انہوں نے کہاکہ ریسکیو 1122کے قیام کے لئے بلوچستان حکومت سے پورا تعاون کریں گے اورپنجاب حکومت اس ضمن میں بلامعاوضہ تربیت فراہم کرے گی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ میں جلد دوبارہ بلوچستان کا دورہ کروں گا۔