آج سارا پاکستان ''کرونا سے ڈرنا نہیں، لڑنا ہی'' کے نعرے پر عمل پیرا ہے لیکن ہمارے اپوزیشن لیڈر دبنگ کی بجائے ملنگ بنے ڈرائنگ روم میں ماسک لگائے بیٹھے ہیں، شہباز شریف کمرے سے باہر نکلیں تو انہیں پتہ چلے حکومت پوری حکمتِ عملی سے کرونا بچاؤ اقدامات کر رہی ہے، شہباز شریف بتائیں، مسلم لیگ ن کا اب تک ملک میں کرونا کے خلاف کیا کردار رہا ہے، فیاض الحسن چوہان

منگل 26 مئی 2020 19:55

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2020ء) وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے شہباز شریف کی جانب سے حکومت پر تنقید پر اپنے ردِعمل میں کہا ہے کہ آج سارا پاکستان ''کرونا سے ڈرنا نہیں، لڑنا ہی'' کے نعرے پر عمل پیرا ہے لیکن ہمارے اپوزیشن لیڈر دبنگ کی بجائے ملنگ بنے ڈرائنگ روم میں ماسک لگائے بیٹھے ہیں‘ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ شہباز شریف کمرے سے باہر نکلیں تو انہیں پتہ چلے حکومت پوری حکمتِ عملی سے کرونا بچاؤ اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب فروری سے کرونا کے خلاف بہادری سے جنگ لڑ رہا ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ آج پنجاب میں کرونا ٹیسٹنگ کیپسٹی 5000 یومیہ تک پہنچ چکی ہی- سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر نو لیبارٹریز کو بی ایس ایل تھری لیول پر اپ گریڈ کیا جا چکا ہے، پنجاب بھر میں وافر قرنطینہ مراکز اور آئسولیشن وارڈز قائم کیے گئے ہیں اور ملک بھر میں دستیاب وینٹی لیٹرز میں سے 17 فیصد زیر استعمال ہیں۔

(جاری ہے)

فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا شہباز شریف بتائیں، مسلم لیگ ن کا اب تک ملک میں کرونا کے خلاف کیا کردار رہا ہے۔ وزیرِ اطلاعات نے یہ بھی کہا ابھی تک( ن) لیگ نے ایک آنے دھیلے کا خرچہ کرونا کے حوالے سے نہیں کیا۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا بطور اپوزیشن لیڈر قوم کو اس مشکل وقت میں لیڈ کرنا شہباز شریف کا فرض بنتا تھا لیکن شہباز شریف نے ابھی تک اپنی بے عملی سے قوم کو شدید مایوس کیا ۔