ژ*ننکانہ صاحب : عیدالفطر مذہبی عقیدت و احترام اور سادگی کے ساتھ منائی گئی

منگل 26 مئی 2020 20:25

لاہور/ ننکانہ صاحب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مئی2020ء) ملک بھر کی طرح ننکانہ صاحب میں بھی عیدالفطر مذہبی عقیدت و احترام اور سادگی کے ساتھ منائی گئی اس موقعہ پر ضلع بھر کے 518مختلف مقامات پر عیدالفطر کے اجتماعات منعقد ہوئے جن میں 464 مساجد، 31 امام بارگاہ اور 23 احمدیہ بیت الذکر شامل ہیں ننکانہ پولیس کی طرف سے عیدالفطر کے اجتماعات اور عبادتگاہوں پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کر رکھے تھے ، ننکانہ پولیس کے مطابق ضلع بھر میں 518مقامات پر 3 ڈی ایس پیز،9 انسپکٹرز، 48سب انسپکٹرز، 79 اسسٹنٹ سب انسپکٹر،42ہیڈ کانسٹیبلز اور 568 کانسٹیبل، لیڈی پولیس اور ویلنٹیئرز نے ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دئیے جبکہ ڈی پی او آفس ننکانہ صاحب میں ایمرجنسی کنٹرول روم قائم کیا گیا تھا جہاں پر تین شفٹوں میں ملازمین کی ڈیوٹی لگائی گئیں تھیں، ننکانہ صاحب کی اہم مساجد اور امام بارگاہوں پر واک تھرو گیٹ اور خاردار تاریں نصب کی گئی ہیں،مساجد اور امام بارگاہوں کی چھتوں پر روف ٹاپ ڈیوٹی بھی لگائی گئی ہے اس موقعہ پر لوگوں نے نماز عیدالفطر کے بعد گڑگڑا کر اپنے رب کے حضور دعائیں مانگی اور ملک و قوم کی سلامتی سمیت ملک بھر سے کورونا وائرس کے جلد خاتمہ کے لئے بھی خصوصی دعائیں کی گئیں۔