عید کے ایام میں کورونا وائرس ایس او پیز کی خلاف ورزی پر روپا ماڑی ہوٹل اور ریسٹورنٹ کو سیل کرکے ایک لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا

منگل 26 مئی 2020 20:55

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2020ء) عید کے ایام میں کورونا وائرس ایس او پیز کی خلاف ورزی پر روپا ماڑی ہوٹل اور ریسٹورنٹ کو سیل کرکے ایک لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا، اسی طرح کے ایف سی فرنچائز پر بھی ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر ایک لاکھ جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو کی طرف سے شہر بھر میں کورونا وائرس کے حوالے سے جاری کردہ حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، اسسٹنٹ کمشنر قاسم آباد گدا حسین سومرو نے مختیار کار الطاف کوریجو سمیت دیگر افسران کے ساتھ وادھو واہ پر روپاماڑی چائے ہوٹل اور ریسٹورنٹ پر اچانک چھاپا مارا اور وہاں سے لوگوں کو باہر نکال کر ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر روپاماڑی ریسٹورنٹ پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کر کے اسے سیل کر دیا اور آئندہ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کرنے کی تاکید کی۔

(جاری ہے)

درایں اثنا اسسٹنٹ کمشنر لطیف آباد اعجاز ہالیپوٹو نے ٹھنڈی سڑک پر واقع کے ایف سی فرنچائز پر کوویڈ19 ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا اور وارننگ جاری کی، یہاںکھانے کے معیار کو بھی چیک کیا گیا، بعد ازاں جرمانے کی رقم ادا کر نے پر فرنچائز کو ڈی سیل کر کے مستقبل میں ایس او پیز کی خلاف ورزی سے گریز کرنے کا انتباہ کیا گیا۔علاوہ ازیں مختیارکار سٹی فہیم منگی نے مختلف پیٹرول پمپس اور ریسٹورنٹس کا معائنہ کیا اور ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والے مالکان کو متنبہ کیا کہ وہ ہر صورت میں ریاستی ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔