ی*اٹھارویں آئینی ترمیم کے خاتمے کے لئے کسی کو کوئی یقین دہانی نہیں کروائی: ایازصادق

ةنیب کے ادارے کو ختم کردینا چاہیے ،اعلیٰ عدلیہ بھی نیب پر عدم اعتماد کر چکی ہی: رہنما (ن) لیگ

منگل 26 مئی 2020 20:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مئی2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماسابق سپیکرسردار ایاز صادق نے ایک بار پھر نیب کے ادارے کو ختم کرنے کی تجویزدیتے ہوئے کہا ہے کہ اعلی عدلیہ کے فیصلوں سے بھی لگتاہے وہ نیب پر عدم اعتماد کر چکی ہے ،مسلم لیگ (ن) نے اٹھارویں آئینی ترمیم کے خاتمے کے لئے کسی کو کوئی یقین دہانی نہیں کروائی اور اس کیلئے حلف اٹھانے کیلئے تیار ہیں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے طیارے کے حادثے میں شہید ہونے والے کیپٹن سجادگل کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ایاز صادق نے کہا کہ سجاد گل قومی ہیروہیں اورخدا کی شہادت نے انہیں شہید رتبہ دیا ، مرحوم سے ذاتی تعلق بنا اور وہ چار سال سے ہر ماہ مجھے آب زم زم لایا کر دیتے تھے ، جب بھی خانہ کعبہ اور حضور کے روضے پر جا یا کرتے تو میر ے لئے خصوصی دعا کرتے تھے ، میں نے اپنا بھائی دوست اورپاکستان کا ہیرو کھویاہے ،یہ شہید ہمیشہ یاد رہے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی کااجلاس اس لئے بلایا گیا تھاکہ کرونا وائرس کے تدارک کیلئے کوئی پالیسی ترتیب دی جاسکے ،حکومت ایسی پالیسی بناتی کہ کرونا وبا ء کے دوران غربت سے کیسے نکلا جائے ،اپوزیشن بھی کسی اور ایشو پر بات کرنے کے بجائے حکومت کا ساتھ دینا چاہتی تھی لیکن حکومت خود ہی سنجیدہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری ذاتی رائے ہے کہ نیب کا ادارہ ختم کر دینا چاہیے ،کچھ حکومتی لوگ بھی حکومتی پالیسیوں سے نالاں ہیں ،یہی وجہ ہے انہیں نیب سے ڈرایاجارہاہے ،بغیر ثبوت کے کسی کو بھی گرفتار کرنا درست نہیں ،حلفاًکہتاہوں کہ اٹھارویں ترمیم کو ختم کرنے کے حوالے سے (ن) لیگ نے کوئی حامی نہیں بھری ،اگر اٹھارویں ترمیم میں ترمیم کرنی ہے تو چھوٹے صوبوں کو ساتھ بٹھانا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ خورشید شاہ اور حمزہ شہباز اب تک جیل میں ہیں انہیں بغیر تحقیقات کے گرفتار کر لیاگیا،اعلی عدلیہ کے فیصلوں سے لگتا ہے وہ بھی نیب پر عدم اعتماد کااظہار کررہی ہے۔