پاکستان مسلم لیگ (ق) راولپنڈی کے صدر زبیر احمد خان کی چوہدری شجاعت حسین، چوہدری پرویز الٰہی اور چوہدری سالک حسین سے ملاقات، عید کی مبارکباد دی

منگل 26 مئی 2020 21:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) راولپنڈی کے صدر زبیر احمد خان اور جنرل سیکرٹری نے کنجاہ ہائوس میں سابق وزیراعظم و صدر مسلم لیگ چوہدری شجاعت حسین، سابق وزیراعلیٰ پنجاب و سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی، ایم این اے چوہدری سالک حسین اور سابق وفاقی وزیر چوہدری وجاہت حسین سے ملاقات کی اور قائدین کو عید کی مبارکباد دی۔

اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین نے ضلع راولپنڈی کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ ضلع راولپنڈی کی تنظیم نے کورونا اور رمضان المبارک میں ریلیف کے حوالہ سے بہت ہی مثالی کام کیا۔ چوہدری پرویز الٰہی نے زبیر احمد خان سے کہا کہ جلد از جلد پارٹی کی تنظیم مکمل کریں، پرانے کارکنان کو آگے لے کر آئیں اور مسلم لیگی خیال رکھنے والے لوگوں سے رابطے کرکے پارٹی میں شامل کریں کیونکہ ہماری مسلم لیگ اصل اور قائداعظم کی مسلم لیگ ہے، ہماری جماعت کی سوچ اور نظریہ قائداعظم محمد علی جناح، علامہ اقبال اور فاطمہ جناح والا ہے اور یہی جماعت پاکستان کا مستقبل سنوارنے والی جماعت ہے جس کا ثبوت ہماری 2002ء سے 2007ء تک کے دور کی کارکردگی ہے کہ جس میں قیام پاکستان سے لے کر اب تک سب سے زیادہ کام ہوئے جس میں تعلیم، صحت، لاء اینڈ آرڈر اور ایسے کام ہوئے کے جس کا فائدہ براہ راست غریب اور عام عوام کو ہوا۔

(جاری ہے)

پرویز الٰہی نے کارکنان کیلئے عید مبارک کا پیغام بھجوایا اور بلدیاتی انتخابات کی تیاری کرنے کا کہا۔ اس موقع پر ایم این اے سالک حسین نے ان کے حلقہ کے ہسپتال، ریسکیو 1122 اور پولیس کیلئے ڈس انفیکشن کٹس اور دوسری اشیاء مہیاء کرنے پر زبیر احمد خان کا شکریہ ادا کیا۔