y امیر جماعت اسلامی کی حافظ سمیع الرحمن کے قتل کی شدید مذمت

منگل 26 مئی 2020 21:15

Y لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مئی2020ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق سیکرٹری جنرل امیر العظیم اور نائب امیر لیاقت بلوچ نے کھڈیاں قصور میں حافظ سمیع الرحمن کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے قاتل کو پھانسی دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ حافظ سمیع الرحمن اسلامی جمعیت طلبہ کا رفیق اور انتہائی صالح نوجوان تھا جس کو مجرم نے اپنے شیطانی جال میں پھنسانے کی کوشش کی اور ناکامی پر معصوم نوجوان کو عید کے دن گولی مار کر شہید کردیا ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ یہ واقعہ زینب قتل کیس کا ہی تسلسل ہے ،حکومت اب تک قصور اور اس کے گرد و نواح میں بچوں کے ساتھ شیطانی کھیل کھیلنے والوں کو نشان عبرت نہیں بناسکی ۔انہوں نے کہا کہ اگرمعصوم بچوں کے ساتھ درندگی کرنے والوں کو سرعام پھانسی پر لٹکایا جاتا تو آج تسلسل کے ساتھ اس طرح کے واقعات نہ ہوتے ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے مقتول حافظ سمیع الرحمن کے والد کو فون کرکے ان کے ساتھ اظہار تعزیت کیا اور انہیں جماعت اسلامی کی طرف سے مکمل حمایت اور تعاون کا یقین دلایا ۔

نائب امیر لیاقت بلوچ 27مئی کومقتول کے گھر والوں سے اظہار تعزیت کے لئے کھڈیا ں جائیں گے ۔دریں اثناء امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق ،امیر العظیم،نائب امراء لیاقت بلوچ ،ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ،راشد نسیم ،میاں محمد اسلم ،اسد اللہ بھٹو ایڈووکیٹ ،پروفیسر محمد ابراہیم ،ڈاکٹر معراج الھدیٰ صدیقی ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن ،محمد اصغر ،حافظ ساجد انور ،وقاص انجم جعفری ،بختیار مانی ،حافظ محمد ادریس اور مولانا عبد المالک نے اتحاد العلماء پاکستان کے ناظم ملک کے معروف عالم دین مولانا غلام رسول راشدی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کیلئے بلندی درجات اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔

سینیٹر سراج الحق نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ مولانا غلام رسول راشدی نے اپنی پوری زندگی ملک میں اسلامی انقلاب کیلئے وقف کررکھی تھی ۔ اسلام کی تبلیغ و اشاعت اور ترویج کیلئے مرحوم کی کوششوں کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔