مختلف علاقوں میں ٹڈی دل نے شدید حملہ کرکے آم، ٹماٹر، کپاس، گنا، سورج مکھی اور سبزیوں کی فصلیں تباہ کردیں

حکومت ٹڈی دل کے حملے کو روکنے اور اس کے تدارک کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے،سرویلنس کیساتھ اسپرے کاعمل جاری ہے ‘ وزیر زراعت

منگل 26 مئی 2020 21:35

لاہور/کراچی/کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2020ء) ملک کے مختلف علاقوں میں ٹڈی دل نے شدید حملہ کرکے آم، ٹماٹر، کپاس، گنا، سورج مکھی اور سبزیوں کی فصلیں تباہ کردیںجبکہ صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا ہے کہ حکومت ٹڈی دل کے حملے کو روکنے اور اس کے تدارک کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے،مختلف اضلاع میں سرویلنس کے ساتھ ساتھ اسپرے کاعمل بھی جاری ہے ۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پنجاب کے اضلاع بہاولنگر اور راجن پور میں ٹڈی دل کی یلغار جاری ہے جس کے باعث کپاس، مونگ، ٹماٹر، سورج مکھی، سبزیوں اور آم کے باغات کو نقصان پہنچا ہے۔ڈپٹی کمشنر راجن پور کا کہنا ہے کہ ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے آپریشن بلا تعطل جاری ہے اور اسپرے کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

ادھر سندھ کے ضلع مٹیاری میں ہالہ، نیوسعیدآباد اور بھٹ شاہ میں ٹڈی دل کے کپاس، پیاز،کیلے، گنے، گھاس اور سبزیوں کی فصلوں پر حملے سے شدید نقصان پہنچا ہے۔

کاشتکاروں کی جانب سے اپنی مدد آپ کے تحت ٹڈی دل کو بھگانے کی کوشش کی جارہی ہے جبکہ آبادگار بورڈ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سندھ حکومت ٹڈی دل کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات کرے اور متاثرہ علاقوں میں اسپرے کرائے۔بلوچستان میں بھی ضلع نوشکی ٹڈی دل کی یلغار سے شدید متاثر ہوا ہے، زمیندار ایکشن کمیٹی کے مطابق ٹڈی دل کی یلغار سے کپاس، پیاز اور ٹماٹرکی فصلیں متاثر ہوئی ہیں۔

صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا ہے کہ حکومت ٹڈی دل کے حملے کو روکنے اور اس کے تدارک کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے ،مختلف اضلاع میں سرویلنس کے ساتھ ساتھ اسپرے کاعمل بھی جاری ہے جس سے کامیابی مل رہی ہے،حکومت صورتحال سے ہرگز غافل نہیں اور تمام متعلقہ اداروں کی مشاورت سے پیشرفت جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ساہیوال کے مختلف دیہاتوں میں کسانوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

نعمان لنگڑیال نے کہا کہ ٹڈی دل کے حملے کو روکنے کیلئے صوبائی حکومت اپنے وسائل کا بھرپور استعمال کر رہی ہے جبکہ وفاقی حکومت کی بھی بھرپورمعاونت حاصل ہے ۔ وفاق اور پنجاب کے متعلقہ ادارے ٹڈی دل کے حملے کو روکنے اوراس کے تدارک کیلئے دن رات کوشاں ہیں ۔کسانوں سے اپیل ہے کہ وہ متعلقہ محکموں کی سفارشات پر مکمل عملدرآمدکریں تاکہ ٹڈی سے چھٹکارا پایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں خدا کے حضور بھی اس سے رحم کی دعائیں مانگنی چاہئیں تاکہ ہمیں ٹڈی دل سے نجات ملے اور ہمارے کھیت لہلاتے رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوںکو تنہا نہیں چھوڑے گی بلکہ ہم ایک دوسرے کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہوں گے ،انشااللہ مشترکہ کوششوںسے جلد ٹڈی دل کا خاتمہ ہو جائے گا۔