مشیر خزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت تھنک ٹینک کا اجلاس، فنانس وبنکنگ کمیٹی کے کام پر توجہ مرکوز رکھی گئی ، سماجی تحفظ کے پروگراموں کے بارے میں کمیٹی کے فیڈ بیک کا بھی جائزہ لیاگیا

سمندرپارپاکستانیوں کیلئے ڈیجیٹل اکائونٹس سیکم کے خذوخال، پراسیس اوردیگر متعلقہ پہلوئوں پر باہمی موقف کو سمجھنے کیلئے سیکرٹری خزانہ کو سٹیٹ بنک، شوکت ترین ، سلطان علی الانہ اورعارف حبیب کے مابین اجلاس منعقد کرانے کی ہدایت

منگل 26 مئی 2020 21:45

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2020ء) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ومحصولات ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے سمندرپارپاکستانیوں کیلئے ڈیجیٹل اکائونٹس سیکم کے خذوخال، پراسیس اوردیگر متعلقہ پہلوئوں پر باہمی موقف کو سمجھنے کیلئے سیکرٹری خزانہ کو سٹیٹ بنک، شوکت ترین ، سلطان علی الانہ اورعارف حبیب کے مابین اجلاس منعقد کرانے کی ہدایت کی ہے تاکہ اس بارے میں متفقہ اور عملی حل پر اتفاق رائے ہو سکے، انہوں نے سٹیٹ بنک کے ساتھ وزیراعظم کی طرف سے قائم کردہ تھنک ٹینک کی طرف سے پیش کردہ دیگرتجاویز کو زیربحث لانے کی بھی ہدایت کی ہے ۔

وزیراعظم عمران خان کی طرف سے قائم کردہ تھنک ٹینک کااجلاس عید کی تعطیلات کے دوران مشیر برائے خزانہ ومحصولات ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں تھنک ٹینک کے تمام ممبران نے شرکت کی ، گورنرسٹیٹ بینک رضاباقر خصوصی دعوت پر اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں فنانس وبنکنگ کمیٹی کے کام پرتوجہ مرکوز رکھی گئی ، اس کے علاوہ سماجی تحفظ کے پروگراموں کے بارے میں کمیٹی کے فیڈ بیک کا بھی جائزہ لیاگیا، سلطان علی الانہ نے شہریوں اورکاروبار کی سہولت کیلئے بنکوں اورمالیاتی اداروں میں کیش اورکریڈٹ کو بہتربنانے کیلئے کمیٹی کے مشترکہ کام کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

اجلاس میں سمندرپارپاکستانیوں کیلئے ڈیجیٹل اکائونٹ کی پیشکش بشمول اس کے مقاصد، اہم پراسیس، پراڈکٹ کے خذوخال اوراہم ضابطہ جاتی اورانتظامی چیلنجوں پر زوردیا گیا۔شوکت ترین اورسلطان علی الانہ نے عارضی ریلیف سہولیات، چھوٹے اوردرمیانہ درجہ کے کاروبار کیلئے قرضوں میں اضافہ، صارفین کیلئے قرضوں کی فراہمی اورہائوس فنانسنگ کے ذریعہ بڑھوتری میں اضافہ سمیت کئی تجاویز اورسفارشات پیش کیں۔

وزیراعظم کے مشیربرائے تجارت ڈاکٹرعشرت حسین نے جاری ترسیلات زر وجملہ پراڈکٹس کی سکیم ، ایف اے ٹی ایف کے خدشات اورڈیجیٹل معیشت کو فروغ دینے کے تناظر میں نئی سکیم متعارف کرانے میں مناسب احتیاط کی ضرورت پرزوردیا۔انہوں نے کہاکہ نئی سکیم / پراڈکٹ متعارف کراتے ہوئے پاکستان بنائو سرٹیفیکیٹ کے تجربہ اور اس میں ممکنہ نقائص کی پیش بندی کو مقدم رکھنا چاہئیے ۔

اجلاس میں عارف حبیب کی جانب سے نادرا کی ڈیٹا کی تصدیقی فیس میں کمی کی تجویز کی گئی جس کی دیگرممبران نے تائید کی اورکہاکہ خالص عوامی ادارے کو اپنے آپریشنز میں منافع کو بنیادی محرک نہیں بناناچاہئیے۔سٹیٹ بنک کے گورنرنے کمیٹی کی جانب سے افراد اورکاروبارکیلئے کیش کی فراہمی میں بہتری کی تجاویز اورسفارشات کوسراہا اور کہاکہ سٹیٹ بنک وزارت خزانہ اورسینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز کے اشتراک سے سمندرپارپاکستانیوں کیلئے بچت سکیم/ پراڈکٹ متعارف کرانے کے آخری مراحل میں ہے۔

ڈاکٹرعشرت حسین اورکمیٹی کے دیگرممبران نے سی ڈی این ایس کے آٹومیشن اورڈیجیٹائزیشن کے ضمن میں اپنی توجیہات کا اظہارکیااوراس ضمن میں سٹیٹ بنک اورکمیٹی کی تجاویز کی روشنی میں فعال اورقانونی طورپر درست سلوشنز کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ شوکت ترین نے اجلاس کے شرکاء کوبتایا کہ ہائوسنگ کے شعبہ میں سرمایہ کاری میں اضافہ اورکثیرالجہتی قرضوں کے فروغ کے ضمن میں کمیٹی اورنیاپاکستان ہاوسنگ اتھارٹی ودیگرمتعلقہ فریقین کے مابین کئی مشاورتی اجلاس منعقد ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اس حوالہ سے کمیٹی کی رپورٹ تیارہے جو فیڈ بیک کیلئے ممبران سے شئیر کی جاسکتی ہے۔ ڈاکٹراعجازنبی نے احساس پروگرام کے بارے میں کمیٹی کے جائزہ سے شرکاء کوآگاہ کیا۔اجلاس کے شرکاء نے آئندہ اجلاس میں ڈاکٹرثانیہ نشتر کو مدعوکرنے کی ضرورت پرزوردیا تاکہ آگے بڑھنے سے پہلے ایشوز کی بہتر تفہیم میں مدد مل سکے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ومحصولات ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے اجلاس میں پیش کردہ تمام دلائل کا تفصیلی جائزہ لیا۔

انہوں نے ڈیجیٹل اکاونٹس سیکم کے خذوخال، پراسیس اوردیگر متعلقہ پہلووں پر باہمی موقف کو سمجھنے کیلئے سیکرٹری خزانہ کو سٹیٹ بنک، شوکت ترین ، سلطان علی الانہ اورعارف حبیب کے مابین اجلاس منعقد کرانے کی ہدایت کی تاکہ اس بارے میں متفقہ اورعملی حل پر اتفاق رائے ہوسکے۔ انہوں نے اس اجلاس میں سٹیٹ بنک کے ساتھ دیگرتجاویز کو زیربحث لانے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ مختلف کمیٹیوں کی طرف سے حاصل کردہ فیڈ اورتجاویزکی روشنی میں متفقہ طرز عمل کو اختیارکیاجائیگا۔ اجلاس میں ہاوسنگ کے شعبہ کی کمیٹی کو اپنا فیڈ بیک دینے کی ہدایت کی گئی ، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ اجلاس میں چئیرمین نیاپاکستان ہاوسنگ اتھارٹی اورڈاکٹرثانیہ نشترکو مدعو کیا جائیگا۔ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے کہاکہ تھینک ٹینک کی سفارشات وزیراعظم عمران خان کوبھی پیش کی جائیں گی تاکہ بجٹ کے عمل بشمول بجٹ تقریر میں اعلیٰ سطح سے حتمی ہدایات کو شامل کیا جاسکے۔