پاکستان کی حکومت ہمیشہ حادثات اور سانحات کے بعد جاگتی ہے، یہ آج کا نہیں بلکہ ستر سال کا المیہ ہے، سید مصطفی کمال

قوموں کی ترقی اور تنزلی میں ان کی تاریخ کی بہت اہمیت ہوتی ہے اور جو قومیں اپنی غلطیوں کو نہیں سدھارتیں وہ کبھی ترقی نہیں کرسکتیں

منگل 26 مئی 2020 22:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2020ء) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا کہ پاکستان کی حکومت ہمیشہ حادثات اور سانحات کے بعد جاگتی ہے، یہ آج کا نہیں بلکہ ستر سال کا المیہ ہے، قوموں کی ترقی اور تنزلی میں ان کی تاریخ کی بہت اہمیت ہوتی ہے اور جو قومیں اپنی غلطیوں کو نہیں سدھارتیں وہ کبھی ترقی نہیں کرسکتیں اور نہ ہی ان قوموں میں انسانی جان کی اہمیت باقی رہتی ہے۔

آج ہر جانب موت کا رقص جاری ہے، کروڑوں لوگ بے روزگار ہوگئے، جہاز گھروں پر گر گیا لیکن حکومت کو کوئی فکر نہیں ہے، انسان جب موت کو بھول جاتا ہے تو اللہ تعالی پے در پے ایسے سانحات رونما کرتا ہے تاکہ انسان اپنی موت کو یاد رکھے۔ خدانخواستہ اگر کورونا وائرس دوسرے ممالک کی طرح یہاںپھیل گیا تو ہر گلی اور یونین کونسل میں اسپتالوں کی ضرورت پڑ جائے گی۔

(جاری ہے)

ہر طرف تباہی پھیلی ہوئی ہے اس تباہی کو روکنے کے لئے ہمیں اور محنت کرنے کی ضرورت ہے۔ پی ایس پی اللہ کی مخلوق کی خدمت کرنے کی جد وجہد کر رہی ہے یہ جہادِ اکبر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نیپاک سر زمین پارٹی کے تحت کراچی میں مسافر طیارے کے المناک حادثے اور ملک بھر میں کورونا وائرس کے سبب شہید ہونے والے افراد کے ایصال ثواب کیلئے پاکستان ہاس میں منعقدہ دعائیہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مصطفی کمال نے مزید کہا کہ دنیا کو فنا ہونا ہے اس کو ایک امتحان سمجھیں اور اپنی آخرت کی تیاری کریں آگر آپ نے اللہ کو راضی کرلیا تو دنیا اور آخرت میں کامیابی ملے گی۔ اجتماع کے اختتام پر طیارے حادثے اور کورونا وائرس کے باعث شہید ہونے والے افراد کے لئے بلند درجات اور کورونا وائرس وبا کے خاتمے اور سوگوار اہل خانے کے لئے صبر کی دعا کی گئی۔ اس موقع پر پی ایس پی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی، نیشنل کونسل و دیگر شعبہ جات سمیت تمام ڈسٹرکٹ کمیٹیز و ریذیڈنس کمیٹیز اور تمام ٹاون انچارجز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔