کراچی ایئرپورٹ کو ہائی وے کی طرف منتقل کرنے پر کام ہو رہا ہے، عمران اسماعیل

ائیرپورٹ کے اطراف زیرِتعمیر عمارتوں کا کام رک جانا چاہیے، ایئرپورٹ آبادی میں ہے، اس لئے اس کی منتقلی پر کام شروع کر دیا گیا ہے، گورنر سندھ

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 26 مئی 2020 22:23

کراچی ایئرپورٹ کو ہائی وے کی طرف منتقل کرنے پر کام ہو رہا ہے، عمران ..
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26مئی 2020ء ) کراچی ایئرپورٹ کو ہائی وے کی طرف منتقل کرنے پر کام ہو رہا ہے۔ کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ ائیر پورٹ کے اطراف زیر تعمیر عمارتوں کا کام رک جانا چاہیے، ایئرپورٹ آبادی میں ہے، اس لئے اس کی منتقلی پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ طیارہ حادثے کےمعاملے پر وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کے بعد ایک تحقیقاتی کمیٹی بنا دی گئی ہے جو کہ رپورٹ تیار کر کے وزیراعظم کو پیش کرے گی اور بعد میں عمران خان ذاتی طور پر وہ رپورٹ عوام کے سامنے پیش کریں گے اور جو بھی افراد اس سارے واقعے کے ذمہ داری ہوں گے، ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے مزید بتایا ہے کہ لاشوں کی تصدیق کے لئے ڈی این اے کی مدد سے لوگوں کی شناخت کا سلسلہ جاری ہے جو کہ جلد ہی مکمل ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

متاثرہ گھروں کے بارے میں بات کرتے ہوئے گورنر سندھ نے آگاہ کیا ہے کہ جن لوگوں کے گھر تباہ ہو گئے ہیں انہیں عارضی طور پر ہوٹلوں میں پناہ دی گئی ہے۔ یاد رہے کہ کراچی ایئرپورٹ کے قریب عید سے 2 دن قبل دوپہر سوا دو بجے کے قریب پی آئی اے کی فلائٹ پی کے 8303 گر کر تباہ ہوگئی تھی۔

ایئربس میں 107 افراد سوار تھے جن میں 99 مسافر اور عملے کے 8 افراد شامل تھے۔ ایئربس 320 ایک بج کر 10 منٹ پر لاہور ایئرپورٹ سے کراچی کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ پی آئی اے کی پرواز لاہور سے کراچی پہنچی تھی کہ لینڈنگ سے قبل طیارہ گر کر تباہ ہو گئی تھی۔ اس واقعے کی تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے جبکہ اس حوالے سے اب گورنر سندھ نے اعلان کیا ہے کہ ائیر پورٹ کی آبادی سے دور منتقلی پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔