کورونا کے خلاف جنگ، جرمنی کا سماجی دوری کے قوانین میں 29 جون تک توسیع

وفاقی حکومت اور جرمنی کی 16 ریاستوں کے درمیان طے پانے والے معاہدے میں عوامی مقامات پر دس افراد تک کے جمع ہونے کی اجازت ہے، تاہم شہریوں کو جتنا ممکن ہو سکے ایک دوسرے سے کم رابطہ رکھنے پر زور دیا گیا ہے

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر بدھ 27 مئی 2020 06:19

کورونا کے خلاف جنگ، جرمنی کا سماجی دوری کے قوانین میں 29 جون تک توسیع
برلن (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی 2020ء) کورونا کے خلاف جنگ کے پیش نظر جرمنی نے سماجی دوری کے قوانین میں 29 جون تک توسیع کر دی ہے۔ وفاقی حکومت اور جرمنی کی 16 ریاستوں کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے مطابق عوامی مقامات پر دس افراد تک کے جمع ہونے کی اجازت ہے، تاہم شہریوں کو جتنا ممکن ہو سکے ایک دوسرے سے کم رابطہ رکھنے پر زور دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جرمنی میں سماجی دوری کے قوانین میں ایک ماہ تک کی توسیع کر دی گئی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمنی کی وفاقی حکومت اور 16 جرمن ریاستوں کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے مطابق عوامی مقامات پر دس لوگوں کے جمع ہونے کی اجازت تھی، معاہدے میں اس بات پر زور بھی دیا گیا کہ جرمن شہری جہاں تک ممکن ہو سکے کوشش کریں کہ وہ 10 کی تعداد میں بھی ایک جگہ پر جمع نہ ہوں اور جتنا ہو سکے ایک دوسرے کے ساتھ کم رابطہ رکھیں۔

(جاری ہے)

اسی کے ساتھ حکام نے متنبہ بھی کیا ہے کہ اگر مقامی سطح پر وباء نے حالات سنگین کر دیے تو مزید پابندیاں بھی عائد کی جا سکتی ہیں۔ 
 
واضح رہے کہ مہلک کورونا وائرس سے جرمنی باقی یورپین ممالک سے نسبتاََ کم متاثرہ ملک ہے، جس کی وجہ جرمن چانسلر انجیلا مرکل کے وائرس کو پھیلنے سے روکنے کی مد میں مؤثر اور بروقت اٹھائے جانے والے اقدامات ہیں۔ جرمنی میں مہلک وائرس سے اب تک 1 لاکھ 79 ہزار افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 8 ہزار 3 ریکارڈ کی گئی ہے جو کہ اٹلی، اسپین، فرانس اور برطانیہ سے کم ہے۔