امریکہ میں گورے پولیس اہلکار کے ہاتھوں سیاہ فام شخص کے مبینہ قتل کے بعد جھڑپیں

یہ واقعہ امریکی ریاست مینسوٹا کے شہر منیاپولس میں پیش آیا، پولیس اہلکار نے گھٹنے کی مدد سے سیاہ فام شخص کی گردن کو زور سے دبا رکھا تھا جس کے باعث وہ انتقال کر گیا

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر بدھ 27 مئی 2020 10:29

امریکہ میں گورے پولیس اہلکار کے ہاتھوں سیاہ فام شخص کے مبینہ قتل کے ..
منیاپولس (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی 2020ء) امریکہ میں گورے پولیس اہلکار کے ہاتھوں سیاہ فام شخص کے مبینہ قتل کے بعد جھڑپیں۔ واقعہ امریکی ریاست مینسوٹا کے شہر منیاپولس میں پیش آیا، پولیس اہلکار نے گھٹنے کی مدد سے سیاہ فام شخص کی گردن کو زور سے دبا رکھا تھا جس کے باعث وہ انتقال کر گیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ میں ایک گورے پولیس اہلکار کے ہاتھوں سیاہ فام آدمی کے مبینہ قتل کے بعد نسلی تعصب کے شعلے پھر سے آگ پکڑ گئے ہیں۔

امریکہ کی ریاست مینسوٹا کے ایک شہر منیاپولس کی پولیس نے ایک سیاہ فام آدمی کو اپنے قابو میں کرنے کے لیے زیادہ سخت سلوک کا نشانہ بنا ڈالا۔ سوشل میڈیا پر وائرس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہلکار نے کس قدر بے رحمی سے فلائیڈ نامی سیاہ فام شخص کی گردن کو دبا رکھا ہے۔

(جاری ہے)

 

دورون کارروائی قتل ہونے والے فلائیڈ نامی سیاہ فام شہری کو یہ التجا کرتے سنا جا سکتا ہے کہ اس کو سانس لینے میں دشواری پیش آ رہی ہے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پولیس کے ہاتھوں مبینہ طور پر قتل ہونے والا سیاہ فام شہری ہیوسٹن کا رہائشی تھا۔ 
اس واقعہ پر منیاپولس کے میئر نے سوشل میڈیا پر جاری ایک پیغام میں سیاہ فام برادری سے معذرت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکہ میں سیاہ فام ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ آپ کو قتل کر دیا جائے۔ دوسری جانب سیاہ فام شہری کے قتل کی ویڈیو سوشل میڈیا اور اسٹیٹ میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس کے بعد عوام اور پولیس کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ چل نکلا ہے۔ واضح رہے کہ امریکہ میں پولیس کی جانب سے جب جب سیاہ فام شہریوں کے ساتھ ناروا سلوک کیا جاتا ہے تب تب احتجاج ہوتے ہیں۔