بھارت میں پکڑے جانے والے کبوتر کا پاکستانی مالک سامنے آگیا

یہ میرا کبوتر ہے کوئی جاسوس نہیں ہے، پورے پروٹوکول اور عزت کے ساتھ واپس کیا جائے: حبیب اللہ کا بھارتی وزیراعظم نریندرمودی سے مطالبہ

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 27 مئی 2020 15:16

بھارت میں پکڑے جانے والے کبوتر کا پاکستانی مالک سامنے آگیا
شکرگڑھ ( اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 27 مئی 2020ء ) بھارت میں پکڑے جانے والے کبوتر کا پاکستانی مالک سامنے آگیا ہے۔ شکرگڑھ کے نواحی گاؤں کے حبیب اللہ نامی شخص نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی فورسز نے جاسوسی کے الزام میں جو کبوتر پکڑا ہے اسکا مالک وہ ہے۔ حبیب اللہ نے بتایا ہے کہ اسے کبوتر پالنے کا شوق ہے اسی لیے اس نے درجن سے زیادہ کبوتر پال رکھے ہیں۔

حبیب اللہ کے مطابق اسکا گھر پاک بھارت سرحد سے صرف 4کلومیٹر دور واقع ہے۔ عید کے روز اس نے عید کی خوشی میں کبوتروں کو فضا میں اڑایا تھا کہ ایک کبوتر بھارت کی جانب چلا گیا۔ حبیب اللہ کا کہنا ہے کہ کبوتر کو رنگ اسنے لگایا ہے اور پرندے کے پاؤں میں چھلے ڈالے گئے ہیں جن پر اسکا فون نمبر بھی لکھا ہے۔ حبیب نے کہا ہے کہ کبوتر ایک معصوم جانور ہے اور امن کی علامت ہے، میرے کبوتر جاسوس نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی میرے کبوتر کو پورے پروٹوکول اور عزت کے ساتھ واپس کریں۔ خیال رہے کہ عید کے دوسرے روزایک بار پھر سےبھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ بھارتی فوج نے کشمیر کا تھوا سیکٹر سے پاکستان کا جاسوس کبوتر پکڑ لیا ہے اوربھارتی فوج کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ اس کبوتر پر شک ہے کہ یہ جاسوسی کی ٹریننگ لیتا رہاہے۔

بھارتی میڈیا دعویٰ کر رہا تھا کہ کبوتر کے ساتھ کوڈڈ میسج بھیجا گیا تھا جس کو ڈی کوڈ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ دوسری جانب بھارتی میڈیا پر نشر ہونے کے بعد یہ خبر بھارت کی جھگ ہنسائی کی وجہ بن گئی ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے خبر کو آڑھے ہاتھوں لیا ہے۔ اب پاکستان میں کبوتر کا مبینہ مالک بھی سامنے آگیا ہے اور اس نے بھارتی وزیراعظم سے کبوتر کو پروٹوکول کے ساتھ رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔